جاپان: نئے وزیراعظم کا اپنی کابینہ کا اعلان

جاپانی وزیراعظم یوشی ہیکو نوڈا

جاپان کے نو منتخب وزیر اعظم یو شی ہیکو نوڈا نے زلزلے کی تباہ کاریوں سے نمٹنے اور متزلزل اقتصادی صورتحال کے تناظر میں جمعہ کو نئی کابینہ کا اعلان کیا ہے۔

نئی حکومت میں شامل کیے گئے وزراء میں سابق نیوز رپورٹر اور حکمران جماعت ڈیموکریٹک پارٹی کے سیاسی معاملات کے سربراہ جُن اوزومی کو وزارت خزانہ کا قلمدان سونپا گیا ہے اور خارجہ امور کی وزارت کوئی چیرو جمبا کے سپرد کی گئی ہے۔

اوزومی اور جمبا دونوں کی عمریں پچاس سال سے کم ہیں اور سابقہ کابینہ جس میں اکثریت تجربہ کار وزرا پر مشتمل تھی، کی نسبت کم عمر وزرا ہیں۔ یہ دونوں مسٹر نوڈا کے قریبی اتحادی بھی ہیں۔

جاپان کی پارلیمنٹ نے منگل کو مسٹر نوڈا کی وزارت عظمیٰ پر تقرری کی توثیق کی تھی۔ انھوں نے زلزلے کی تباہ کاریوں سے نمٹنے اور فوکوشیما جوہری پلانٹ کے بحران پر قابو پانے میں ناکامی کے باعث مقبولیت کھونے والے وزیراعظم ناؤ تو کان کی جگہ لی ہے۔ مسٹر کان نے گزشتہ ہفتے اپنے وعدے کے مطابق وزارت عظمیٰ سے استعفیٰ دے دیا تھا۔

امریکہ کے صدر براک اوباما نے نے جمعرات کو مسٹر نوڈا کو فون کرکے مبارکباد دی اور پیسیفک میں استحکام کے لیے دونوں ملکوں کے تعلقات کی اہمیت پر تبادلہ خیال کیا۔ دونوں رہنماؤں نے عالمی معیشت کو بہتر بنانے کے لیے مل کر کام کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔