|
جاپان نے پاکستان کو 30ویں سلطان اذلان شاہ ہاکی کپ کے فائنل میں شکست دے کر ٹائٹل اپنے نام کر لیا ہے۔
چار کوارٹرز کے اختتام پر پاکستان اور جاپان کا میچ دو دو گول سے برابر رہا جب کہ پنلٹی شوٹ آؤٹ پر جاپان نے چار گول کیے جب کہ پاکستان ایک ہی گول کر سکا۔
ملائیشیا کے شہر ایپو میں ہفتے کو کھیلے گئے فائنل میں کبھی جاپان کا پلڑا بھاری رہا تو کبھی پاکستان کا۔
پہلی مرتبہ فائنل کھیلنے والی جاپانی ٹیم نے اسکورنگ کا آغاز بارہویں منٹ میں اس وقت کیا جب تناکا سارین نے فیلڈ گول اسکور کیا۔
پاکستانی کھلاڑیوں نے ایک گول کے خسارے میں جانے کے بعد ہمت نہ ہاری اور تیسرے کوارٹر میں یکے بعد دیگرے دو گول اسکور کرکے برتری حاصل کرلی۔
پہلا گول 34ویں منٹ میں اعجاز احمد نے اور دوسرا گول 37ویں منٹ میں عبدالرحمان نے اسکور کیا۔ پاکستان کی یہ برتری دس منٹ قائم رہی جسے 47ویں منٹ میں ماٹسوموٹو کازوماسا نے ایک اور فیلڈ گول کے ذریعے برابر کردیا۔
کھیل کے آخری کوارٹر میں بھی دونوں ٹیموں نے ایک دوسرے کے گول پر متعدد حملے کیے لیکن چاروں کوارٹرز کے اختتام پر اسکور دو دو سے برابر رہا۔
میچ کے دوران دونوں ٹیموں نے ریفری کے فیصلوں کو چیلنج کیا لیکن دونوں ٹیموں کو اس میں ناکامی ہوئی۔
پاکستان نے اس سے پہلے 1999، 2000 اور 2003 میں اذلان شاہ کپ کی ٹرافی جیتی تھی جب کہ جاپان نے اس سے قبل فائنل میں جگہ نہیں بنائی تھی۔