اٹلی کی بحریہ کا کہنا ہے کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران بحیرہ روم کے راستے یورپ پہنچنے کی کوشش کرنے والے 4200 سے زائد تارکین وطن کو بچایا گیا ہے۔
حکام کے بقول ایک کشتی سے انھیں 17 تارکین وطن کی لاشیں ملی ہیں۔
حکام نے اس کی مزید تفصیل تو نہیں بتائی اور ان کا کہنا تھا کہ تاحال یہ واضح نہیں کہ یہ ہلاکتیں کیسے ہوئیں۔
بحیرہ روم کے ذریعے مختلف ممالک سے ہزاروں تارکین وطن غیر قانونی طور پر اٹلی کے ساحلوں تک پہنچے ہیں اور اس معاملے کو یورپی عہدیدار اور اقوام متحدہ ایک حساس معاملہ قرار دے رہے ہیں۔
رواں ماہ کے اوائل میں تقریباً 35500 تک تارکین اٹلی کے ساحلوں تک پہنچے تھے اور حکام کے مطابق اس دوران 1800 افراد یا تو موت کا شکار ہوئے یا لاپتا ہوگئے۔
اب بھی ہر روز ہزاروں افراد خطرناک بحری سفر کر کے اٹلی تک پہنچنے کی کوشش کرتے ہیں جن میں اکثریت شورش پسندی اور بدامنی کے شکار ملک لیبیا سے تعلق رکھتی ہے۔
جمعہ کو اٹلی کے بحریہ کے حکام نے بتایا تھا کہ لیبیا کے ساحلوں کے قریب سے 17 مختلف آپریشنز کے دوران 3300 تارکین وطن کو بچایا گیا۔