اسرائیل نے اپنے جنگی اہداف حزب اللہ کے حملے روکنے تک بڑھا دیے

شمالی اسرائیل سے لی گئی اس تصویر میں اسرائیلی فورسز کی طرف سے فائر کیا جانے والا ایک گولہ لبنان کے جنوبی سرحدی قصبے خیام پر گر رہا ہے۔ 16 ستمبر 2024

  • اسرائیل نے کہا ہے کہ وہ شمالی سرحد کے اپنے رہائشیوں کی گھروں کو واپسی کے لیے حزب اللہ کو روکنے کے اقدامات کرے گا۔
  • حزب اللہ اپنے اتحادی حماس کی حمایت میں تقریباً روزانہ ہی حملے کرتی ہے۔
  • حزب اللہ کے حملوں کی وجہ سے ہزاروں اسرائیلی بے گھر ہو چکے ہیں۔
  • حزب اللہ کا کہنا ہے کہ وہ غزہ میں جنگ بندی کے بعد اپنے حملے روک دے گا۔
  • امریکہ اپنے ثالثوں کے ساتھ مل کر غزہ میں جنگ بندی اور یرغمالوں کی واپسی کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے ہوئے ہے۔

اسرائیل نے منگل کو حماس کے خلاف اپنی جنگ کا دائرہ حزب اللہ تک بڑھانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس کا مقصد لبنانی سرحد کے قریب آباد اسرائیلیوں کی اپنے گھروں کو واپسی ممکن بنانا ہے جو عسکریت پسندوں سے جھڑپوں کے باعث چلے گئے تھے۔

اسرائیلی وزیر اعظم بنجمن نیتن یاہو کے دفتر نے کہا ہے کہ سیکیورٹی کابینہ نے پیر کو دیر گئے اس اقدام کی منظوری دی۔

لبنان کا عسکری گروپ حزب اللہ، غزہ کی فلسطینی عسکری تنظیم حماس کا اتحادی ہے۔ غزہ میں اسرائیل اور حماس کے درمیان جنگ شروع ہونے کے فوراً ہی بعد حزب اللہ نے اپنے اتحادی کی حمایت میں تقریباً روزانہ حملے شروع کر دیے تھے جس کی وجہ سے لبنان سے ملحق شمالی سرحد کے قریب آباد ہزاروں اسرائیلیوں کو اپنا گھربار چھوڑ کر محفوظ مقامات پر منتقل ہونا پڑا تھا۔

حزب اللہ کو بھی حماس کی طرح ایران کی حمایت حاصل ہے اور اس نے یہ کہہ رکھا ہے کہ غزہ میں جنگ بندی کا معاہدہ ہونے پر ان کا گروپ اپنے حملے روک دے گا۔

SEE ALSO: حزب اللہ سربراہ کا دعویٰ: حملے میں تل ابیب کے قریب ملٹری انٹیلی جنس بیس کو نشانہ بنایا گیاتھا

اسرائیل اور غزہ کے درمیان جنگ بندی کی کوششیں کئی مہینوں سے جاری ہیں۔ امریکی، مصری اور قطری حکام جنگ کے خاتمے کے لیے ایسی شرائط ڈھونڈنے کی کوشش کر رہے ہیں جس پر اسرائیل اور حماس دونوں متفق ہو سکیں۔

امریکی وزیرخارجہ انٹنی بلنکن جنگ بندی کے لیے نظر ثانی شدہ تجویز پر مشرق وسطیٰ کے اہم شراکت داروں سے بات چیت کے لیے منگل کو مصر جا رہے ہیں۔ تاہم نظرثانی شدہ تجویز کے لیے ابھی تک کسی ٹائم فریم کا اعلان نہیں کیا گیاہے۔

امریکی وزارت خارجہ کے ترجمان میتھیو ملر نے کہا ہے کہ قاہرہ میں بلنکن مصر کے وزیر خارجہ بدر عبدالعاطی کے ساتھ مشترکہ طور پر امریکہ مصر اسٹریٹجک ڈائیلاگ کے افتتاحی اجلاس کی صدارت کریں گے۔

SEE ALSO: لبنان کے مرکزی مسیحی بلاک کا حزب اللہ پر ملک کو اسرائیل کے ساتھ جنگ میں دھکیلنے کا الزام

ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ بلنکن غزہ میں جنگ بندی کو یقینی بنانے، تمام یرغمالوں کی رہائی، فلسطینیوں کے مصائب میں کمی لانے اور وسیع تر علاقائی سلامتی کو فروغ دینے کی کوششوں کے لیے مصری رہنماؤں سے ملاقاتیں کریں گے۔

بلنکن کے اس دورے میں اسرائیل شامل نہیں ہے، تاہم انہوں نے پیر کے روز محکمہ خارجہ کے دفتر میں اسرائیل کے حزب اختلاف کے لیڈر اور سابق وزیر اعظم یائر لیپڈ سے ملاقات کی تھی۔

لیپڈ نے ملاقات کے بعد صحافیوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیل کو یرغمالوں کی واپسی اور غزہ میں جنگ کے خاتمے کے معاہدے کی ضرورت ہے۔

SEE ALSO: اقوام متحدہ: انخلا کے اسرائیلی احکامات کے بعد غزہ میں امدادی کارروائیاں روک دیں

ان کا کہنا تھا کہ بحیثیت قوم اسرائیل کے زخم اس وقت تک نہیں بھر سکتے جب تک ہم باقی ماندہ تمام یرغمالوں کو وطن واپس نہیں لاتے۔ یہ ہمارے وجود کے لیے ضروری ہے۔

فلسطینیوں کے لیے انسانی امداد کی کوششیں

جنگ بندی اور یرغمالوں کی واپسی کی کوششوں کے ساتھ ساتھ فلسطینیوں کے لیے انسانی امداد کی فراہمی اور ان کی مشکلات کم کرنے کے اقدامات پر بھی زور دیا جا رہا ہے۔ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں غزہ کے لیے اقوام متحدہ کے انسانی امداد اور تعمیر نو کے لیے سینئر کو آرڈی نیٹر سکرد گاغ نے اپنی بریفنگ میں کہا کہ وقت ہمارے ہاتھ سے کھسک رہا ہے۔ ہمیں فوری جنگ بندی، تمام یرغمالوں کی فوری اور غیر مشروط واپسی اور غزہ کی پٹی میں بڑے پیمانے پر امداد پہنچانے کے لیے بلا روک ٹوک اور مسلسل رسائی کی ضرورت ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ امدادی کارروائیوں میں لاقانونیت، دشمنی پر مبنی رویوں اور اسرائیلی حکام کی جانب سے انکار اور تاخیری حربوں کی وجہ سے رکاوٹیں پیش آ رہی ہیں۔

اقوام متحدہ کے انسانی امداد سے متعلق دفتر کے اعداد و شمار یہ ظاہر کرتے ہیں کہ غزہ پہنچنے والے امدادی ٹرکوں کی تعداد میں مسلسل کمی آ رہی ہے۔ اپریل میں روزانہ 169 امدادی ٹرک غزہ پہنچ رہے تھے جب کہ ستمبر کے پہلے 9 دنوں میں یہ تعداد گھٹ کر 62 رہ گئی تھی۔

SEE ALSO: اسرائیل حماس جنگ: 7 اکتوبر 2023 سے اگست 2024، اعداد و شمار کیا بتاتے ہیں؟

اسرائیل امداد کی ترسیل میں رکاوٹیں ڈالنے سے انکار کرتا ہے۔

اسرائیل حماس جنگ کا آغاز گزشتہ سال 7 اکتوبر کو جنوبی اسرائیل پر حماس کے عسکریت پسندوں کے ایک بڑے اور اچانک حملے کے بعد شروع ہوئی تھی جس میں 1200 افراد ہلاک اور 250 کے لگ بھگ یرغمال بنا لیے گئے تھے۔

غزہ میں اسرائیل کی جوابی کاروائیوں میں اب تک 41200 سے زیادہ افراد مارے جا چکے ہیں۔ اسرائیل کا کہنا ہے کہ ہلاک ہونے والوں میں کئی ہزار جنگجو بھی شامل ہیں۔ جب کہ غزہ میں حماس کی وزارت صحت کے حکام یہ کہتے ہیں کہ مرنے والوں کی اکثریت عورتوں اور بچوں کی ہے۔

امریکہ، برطانیہ، یورپی یونین اور دیگر کئی مغربی ممالک حماس کو ایک دہشت گرد گروپ قرار دے چکے ہیں۔

(وی او اے نیوز)