غزہ لڑائی، ہلاکتوں کی تعداد 90 ہوگئی

تازہ حملہ زیتون کے علاقہ میں کیا گیا جب کہ اس سے قبل رات کو لڑاکا طیاروں نے غزہ شہر میں ایک پولیس اسٹیشن کو نشانہ بنایا۔
غزہ پر اسرائیل کے تازہ حملوں میں پیر کی صبح 10 افراد ہلاک ہوگئے جس سے چھ دنوں کے دوران ہلاکتوں کی تعداد 90 ہوگئی ہے۔

تازہ اسرائیلی حملہ زیتون کے علاقہ میں کیا گیا جب کہ اس سے قبل رات کو لڑاکا طیاروں نے غزہ شہر میں ایک پولیس اسٹیشن کو نشانہ بنایا۔

اتوار کو اسرائیلی بحری جنگی جہازوں سے کیے جانے والے حملوں میں کم ازکم 31 افراد ہلاک ہوگئے تھے جو کہ اسرائیلی حملوں میں ایک ہی روز ہونے والی سب سے زیادہ ہلاکتیں ہیں۔

محکمہ صحت کے حکام کے مطابق 700 سے زائد افراد اب تک کی لڑائی میں زخمی ہوچکے ہیں۔
اتوار کو ہونے والی ہلاکتوں میں چھ عورتیں اور دس بچے بھی بتائے گئے ہیں۔

ادھر اقوام متحدہ کے جنرل سیکرٹری بان کی مون نے فریقین سے غزہ میں لڑائی بند کرنے کا مطالبہ دہرایا ہے۔ انھوں نے اسرائیل اور حماس سے کہا ہے کہ وہ مصر کے ساتھ مل کر جنگ بندی کے معاہدے کے لیے کام کریں۔

ایک بیان کے مطابق جنگ بندی کی کوششوں کے سلسلے میں بان کی مون خطے کا دورہ کریں گے۔