پشاور زلمی کو شکست، پوائنٹس ٹیبل پر اسلام آباد ٹاپ پر

پاکستان سپر لیگ سیزن تھری کے 21ویں میچ میں اسپنرز کی عمدہ بولنگ کے باعث اسلام آباد یونائیٹڈ نے پشاور زلمی کو با آسانی 26 رنز سے شکست دے کر پوائنٹس ٹیبل پر پہلی پوزیشن حاصل کر لی۔

اسلام آباد یونائیٹڈ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 183رنز کا ہدف دیا۔ لیکن، پشاور زلمی 156 رنز بنا سکی۔

دبئی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں پشاور زلمی نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔ اسلام آباد یونائیٹڈ کی زلمی کے بولرز کا سامنا کرنے کے لئے جے پی ڈومینی اور لیوک رونکی کو میدان میں اتارا۔

دونوں بیٹسمینوں نے 39رنز کا برق رفتار آغاز فراہم کیا۔ لیکن رونکی 17 گیندوں پر 27 رنز کی اننگز کھیل کر وہاب ریاض کی گیند پر ڈاؤسن کو کیچ دے بیٹھے۔

رونکی کے بعد حسین طلعت بیٹنگ کے لئے آئے اور ڈومینی کے ساتھ مل کر تیزی سے رنز بنائے اور 13 اوورز میں اسکور 100 رنز تک پہنچا دیا۔ حسین طلعت 29 رنز بناکر ڈومینی کا ساتھ چھوڑ گئے۔ یہ وکٹ بھی وہاب ریاض کے حصے میں آئی۔

اگلے ہی اوور میں شاداب خان بغیر کھاتہ کھولے رن آؤٹ ہوگئے۔ یکے بعد دیگرے دو وکٹیں گرنے کے باوجود نئے بیٹسمین آصف علی اور ڈومینی نے رنز کی رفتار سست نہیں پڑنے دی اور چوتھی وکٹ کی شراکت میں قیمتی 71 رنز جوڑے۔ آصف علی 24 گیندوں پر چار چھکوں اور دو چوکوں کی مدد سے دھواں دار 45 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔

جے پی ڈومینی نے 54 گیندوں پر 73رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی جس میں 4 چھکے اور 6 چوکے شامل تھے۔ یوں اسلام آباد یونائیٹڈ نے مقررہ بیس اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 182 رنز بنائے جو پی ایس ایل میں اسلام آباد یونائیٹڈ کا سب سے بڑا اسکور ہے۔

پشاور زلمی کے وہاب ریاض نے عمدہ بولنگ کرتے ہوئے 3کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

ہدف کے تعاقب میں پشاور زلمی کے اوپنرز کامران اکمل اور فلیچر نے کسی بھی حریف بولر کو خاطر میں نہ لاتے ہوئے پہلے چار اوورز میں 32 رنز بنائے۔

اس موقع پر اسلام آباد کے کپتان مصباح نے بولنگ میں تبدیلی کی اور اسپنر سمیت پٹیل کو اٹیک کے لئے لائے۔ پٹیل نے پہلی ہی گیند پر کامران اکمل کو ایل بی ڈبلیو کردیا۔

جب اسکور 53 رنز تھا تو سمیت پٹیل نے لگاتار دو گیندوں پر پہلے فلیچر اور پھر اسمتھ کو پویلین واپس بھیج دیا۔ دونوں بیٹسمینوں نے بالترتیب 19 اور 8رنز بنائے۔

محمد حفیظ اور خوشدل شاہ مشکل صورتحال میں بیٹنگ کے لئے آئے۔خوشدل کو شاداب خان نے 8 رنز پر آؤٹ کر دیا اور رہی سہی کسر ظفر گوہر نے اپنے پہلے ہی اوور میں ڈاؤسن اور ڈیرن سیمی کو آؤٹ کرکے پوری کردی۔ ڈاؤسن ایک رن اور سیمی بغیر کھاتہ کھولے آؤٹ ہوئے۔

نئے آنے والے بیٹسمین حسن علی نے برق رفتار 15رنز بنائے۔ لیکن جلد ہی پٹیل کی گیند پر ڈومینی کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئے۔ پشاور زلمی کے آخری امید اُس وقت دم توڑ گئی جب ظفر گوہر نے حفیظ کو 13 رنز پر ایل بی ڈبلیو کر دیا۔

وہاب ریاض اور عمید آصف کے نویں وکٹ کی شراکت میں 55رنز بھی ٹیم کے کسی کام نہ آئے اور پشاور زلمی مقررہ 20 اوورز میں 156 رنز ہی بنا سکی۔ یو اسلام آباد یونائیٹڈ نے میچ 26رنز سے جیت لیا۔

سمیت پٹیل نے 4۔ ظفر گوہر نے 3جبکہ فہیم اشرف اور شاداب خان نے ایک۔ ایک وکٹ حاصل کی۔

اس میچ میں فتح کے بعد اسلام آباد یونائیٹڈ پوائنٹس ٹیبل پر پہلی پوزیشن پر آگئی ہے۔ ملتان سلطانز 9پوائنٹس کے ساتھ دوسرے نمبر ہے۔ کوئٹہ کے 8، کراچی کے 7، پشاورکے 6 اور لاہور قلندرز کے 2 پوائنٹس ہیں۔

ایونٹ میں ہفتے کو بھی دو میچز کھیلے جائیں گے۔پہلا میچ ملتان سلطانز اور کراچی کنگز کے درمیان کھیلا جائے گا جبکہ دوسرے میچ میں پشاور زلمی اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیمیں مدمقابل ہوں گی۔