شام میں شدت پسند گروپ 'دولت اسلامیہ' کے شدت پسندوں کا کہنا ہے کہ انھوں نے مرکزی صوبے حمص میں گیس کی ایک اور اہم تنصیب پر قبضہ کر لیا ہے۔
ایک ہفتے کے دوران یہ دوسری بڑی گیس تنصیب ہے جس پر سرکاری فورسز کے ساتھ لڑائی کے بعد شدت پسندوں نے قبضہ کیا ہے۔
جہادیوں کی ویب سائٹ پر نظر رکھنے والی تنظیم "ایس آئی ٹی ای" کے مطابق سنی شدت پسندوں نے سماجی رابطوں کی ویب سائیٹ پر 18 تصاویر جاری کیں جن میں جاہار گیس فیلڈ میں دولت اسلامیہ کا جھنڈا لہراتے ہوئے اور قبضے میں لیا گیا اسلحہ اور گاڑیاں دکھائی گئی ہیں۔
خبر رساں ادارے کی طرف سے جاری کی گئی اس خبر کے بارے میں ادارے کا کہنا ہے کہ ان اطلاعات کی آزاد ذرائع سے تصدیق نہیں کی جا سکی ہے۔
دولت اسلامیہ کے شدت پسندوں نے عراق اور شام کے مختلف حصوں پر قبضہ کر کے وہاں "خلافت" کیا اعلان کر رکھا ہے۔ انھوں نے شعار گیس فیلڈ کے ایک بڑے حصے پر بھی 30 اکتوبر کو قبضہ کر لیا تھا۔
شدت پسندوں نے یہاں دو ٹینک، سات گاڑیوں اور متعدد مشین گنز بھی قبضے میں لے لی ہیں۔
امریکہ کی زیر قیادت اتحادی ملک ستمبر سے دولت اسلامیہ کے اہداف کو فضائی کارروائیوں میں نشانہ بناتے آرہے ہیں۔ امریکہ کا کہنا ہے کہ اس گروپ کے خلاف کارروائیوں میں وہ شام کے صدر بشار الاسد کے ساتھ رابطے میں نہیں ہے۔