آئرلینڈ میں پولیس کے مطابق ایک بم دھماکے میں ایک 25 سالہ پولیس افسر ہلاک ہو گیا ہے۔
یہ واقعہ ہفتہ کی شب اوما شہر میں پولیس افسر کے گھر کے باہر پیش آیا اور بم اُس کی گاڑی کے نیچے نصب کیا گیا تھا۔
امریکی وزیر خارجہ ہلری کلنٹن نے ایک بیان میں بم دھماکے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ بزدلانہ فعل شمالی آئرلینڈ کے عوام کی کامیابیوں، امنگوں اور اجتماعی خواہشات کے منافی ہے۔
آئرلینڈ کے وزیر اعظم اینڈا کینی نے بم دھماکے کو ایک بہیمانہ اور بے معنی فعل قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس میں ملوث عناصر لوگوں کو ”دوبارہ ماضی کی خستہ حالی کی جانب دھکیلنا چاہتے ہیں۔‘‘
برطانیہ کے زیر انتظام آئرلینڈ میں گذشتہ دو سالوں کے دوران کسی پرتشدد واقعے میں ہونے والی یہ پہلی ہلاکت ہے۔