عراقی وزیرِ اعظم کے دورہٴ امریکہ کا اعلان

عراقی وزیرِ اعظم کے دورہٴ امریکہ کا اعلان

وہائٹ ہاوٴس نے اعلان کیا ہے کہ عراق کے وزیرِ اعظم نوری المالکی آئندہ ماہ امریکہ کا دورہ کریں گےجس کے دوران دونوں ممالک کے درمیان جاری تعاون پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔

عراقی وزیرِ اعظم دسمبر کی 12 تاریخ کو واشنگٹن پہنچیں گے۔ ان کا یہ دورہ ایک ایسے وقت میں ہوگا جب عراق میں تعینات امریکی فوجی آٹھ برس طویل جنگ کے خاتمے کے بعد اپنے وطن واپس لوٹنے میں مصروف ہوں گے۔

امریکہ کے صدر براک اوباما نے گزشتہ ماہ اعلان کیا تھا کہ عراق میں تعینات تمام امریکی فوجیوں کو رواں برس کے اختتام تک واپس بلالیا جائے گا جس کے بعد، ان کے بقول ، دونوں ممالک کے تعلقات "ایک نئے دور" میں داخل ہوجائیں گے۔

یاد رہے کہ 2008ء تک عراق میں ایک لاکھ 65 ہزار امریکی فوجی موجود تھے جن کی تعداد گھٹ کر اب صرف 39 ہزار رہ گئی ہے۔

مکمل انخلا کے بعد بھی لگ بھگ ڈیڑھ سو امریکی فوجی عراق میں موجود رہیں گے جن میں سے بعض کو بغداد کے امریکی سفارت خانے کی حفاظت پر مامور کیا جائے گا۔