عراقی فورسز کی سب سے بڑی آئل ریفائنری والے شہر میں پیش قدمی

عہدیداروں کے مطابق دولت اسلامیہ کے جنگجو دریا کی سمت فرار ہو رہے ہیں جنہیں فضائیہ کی مدد سے نشانہ بنایا جا رہا ہے۔

عراقی حکومت نے کہا کہ سکیورٹی فورسز نے ملک کی تیل کی سب سے بڑی 'ریفائنری' والے شہر بیجی میں پیش قدمی کی ہے۔

دولت اسلامیہ کے جنگجوؤں کی طرف سے بیجی کے علاقے میں عراق کی سب سے بڑی ’آئل ریفائنری‘ پر قبضے کے بعد سرکاری فورسز پہلی مرتبہ ریفائنری کے اتنے قریب پہنچ پائی ہیں۔

عہدیداروں نے جمعہ کو بتایا کہ فورسز بیجی ’آئل ریفائنری‘ سے ایک کلومیٹر سے بھی کم فاصلے پر ہیں۔

دولت اسلامیہ کے جنگجوؤں نے رواں جون میں اپنی پیش قدمی کے دوران ’آئل ریفائنری‘ پر قبضہ کر لیا تھا۔

عراقی فورسز کے مطابق ریفائنری کے قریب خالی علاقے میں خدشہ ہے کہ جنگجوؤں نے بارودی سرنگیں بچھا رکھی ہوں گی جس کی وجہ سے پیش قدمی کی رفتار آہستہ ہے۔

عہدیداروں کے مطابق دولت اسلامیہ کے جنگجو دریا کی سمت فرار ہو رہے ہیں جنہیں فضائیہ کی مدد سے نشانہ بنایا جا رہا ہے۔

عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ عراقی سکیورٹی فورسز نے بیجی ’آئل ریفائنری‘ کے قریب ایک پل کو عبور کیا۔ بیجی شہر عراق کے دارالحکومت بغداد کے شمال میں 200 کلومیٹر کے فاصلے پر واقع ہے۔

دولت اسلامیہ کے جنگجوؤں نے شام اور عراق کے وسیع علاقے پر قبضہ کر رکھا ہے۔ اس گروپ کے خلاف امریکہ کی زیر قیادت اتحادی ممالک بھی فضائی کارروائیاں کر رہے ہیں۔