عراق کے دارالحکومت میں بم دھماکے،25افراد ہلاک

فائل فوٹو

عراقی عہدے داروں کا کہناہے کہ بغداد میں سلسلے وار بم دھماکوں میں ، جن کا زیادہ تر نشانہ پولیس اہل کارتھے، کم ازکم 25 افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔

عہدےد اروں نے بتایا کہ زیادہ تر ہلاکتیں وسطی بغداد میں ایک پولیس اسٹیشن کے باہر اور شمالی ضلع حریہ میں ہوئیں۔

عہدے داروں کا کہا کہ بم دھماکوں میں درجنوں افراد زخمی بھی ہوئے۔

بدھ کے روز پولیس اسٹیشن کے باہر ہونے والے دھماکوں میں دو خودکش تھے۔ جبکہ سڑک میں نصب بم پھٹنے سے گشت پر معمور پولیس اہلکاروں کو نقصان پہنچا۔

شہر میں ہونے والے یہ دھماکے پیر کو ہونے والے دھماکوں کی ہی کڑی معلوم ہوتے ہیں جس میں 10 افراد ہلاک اور 19 زخمی ہوگئے تھے۔

2006 ء اور 2007ء میں فرقہ وارانہ لڑائیوں میں تیزی کے بعد عراق میں تشدد کی کارروائیوں میں تیزی سے کمی آئی ہے۔ لیکن دھماکوں اورفائرنگ کے واقعات باقاعدگی سے جاری ہیں۔