عراق: خودکش بم دھماکے میں 20 ہلاک

فائل فوٹو

سنی مسلک سے تعلق رکھنے والے افراد کی مسجد میں خودکش بمبار نے یہ دھماکا ایسے وقت کیا جب نماز جمعہ کے لیے بڑی تعداد میں لوگ ویاں موجود تھے۔
عراق میں جمعہ کو ایک مسجد میں خودکش بم دھماکے میں کم از کم بیس افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہو گئے۔

حکام کے مطابق سنی مسلک سے تعلق رکھنے والے افراد کی مسجد میں خودکش بمبار نے یہ دھماکا ایسے وقت کیا جب نماز جمعہ کے لیے بڑی تعداد میں لوگ مسجد میں موجود تھے۔

عراق میں حالیہ مہینوں میں فرقہ وارانہ کشیدگی میں اضافہ ہوا ہے جس میں لگ بھگ تین ہزار افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔

جولائی کے مہینے میں بھی کار بم دھماکوں اور فائرنگ کے واقعات میں لگ بھگ دو سو افراد ہلاک ہو چکے ہیں، جن میں سے اکثریت مسلمانوں کے مقدس مہینے رمضان میں ماری گئی۔

یہ واقعہ ایک ایسے وقت رونما ہوا جب ایران کے سکبدوش ہونے والے صدر محمود احمدی نژاد عراق کا دور روزہ دورہ مکمل کر کے واپس وطن جارہے ہیں۔

مسٹر نژاد نے جمعہ کو جنوبی عراق میں نجف اور کربلا کا دورہ کیا جہاں انھوں نے مقدس مزارات کی زیارت کی۔