عراق شام سرحد، تیل کے ناجائز قافلے پر حملہ

فائل

یہ جہادی گروپ دسمبر سے صوبہ انبار کے کچھ حصوں پر کنٹرول سنبھالے ہوئے ہے، اوراس کی اکثر و بیشتر عراقی سکیورٹی فورسز سے جھڑپیں ہوتی رہی ہیں
عراق کے فوجی ہیلی کاپٹروں نے تیل کے ٹینکروں کے ایک قافلے کو نشانہ بنایا ہے جن کے ذریعے غیر قانونی طور پر عراق سے مشرقی شام کو رسد فراہم کی جارہی تھی۔ اس واقع میں کم از کم آٹھ افراد ہلاک ہوئے۔

رپورٹوں میں کہا گیا ہے کہ یہ کارروائی اتوار کی علی الصبح عراق کے مغربی صوبہ انبار کے قریب شام کے اندر کی طرف کی گئی۔

عراقی وزارت داخلہ کے ترجمان نے بتایا ہے کہ اِن ٹینکر ٹرکوں کے ذریعے القاعدہ سے منسلک ایک دھڑے، عراق کی اسلامی ریاست اور لیونٹ کو تیل کی رسد پہنچانے کی کوشش کی جارہی تھی۔

یہ جہادی گروپ دسمبر سے صوبہ انبار کے کچھ حصوں پر کنٹرول سنبھالے ہوئے ہے، اوراس کی اکثر و بیشتر عراقی سکیورٹی فورسز سے جھڑپیں ہوتی رہی ہیں۔

یہ گروپ بغداد میں بھی بم حملے کرتا رہا ہے۔

گذشتہ جمعے کو ایک شیعہ ریلی پر ہونے والے بم دھماکے میں 30 سے زائد افراد ہلاک ہوئے۔ عراق میں بدھ، 30 اپریل کو پارلیمانی انتخابات ہونے والے ہیں۔