سر ڈھانپے بغیر راک کلائمبنگ مقابلوں میں حصہ لینے والی خاتون ایتھلیٹ کا تہران پہنچنے پر استقبال

ایلناز ریکابی اس وقت عالمی شہہ سرخیوں میں آ گئیں جب اس نے سیول میں منعقدہ انٹرنیشنل فیڈریشن آف اسپورٹ کلائمبنگ (IFSC) ایشین چیمپئن شپ میں حجاب کے بجائے اپنے بالوں کو پونی ٹیل میں باندھ کر حصہ لیا۔(ٹوئٹر سکرین شاٹ)

ایران کی خواتین کھلاڑیوں پر یہ پابندی ہے کہ وہ اپنے سر اور بالوں کو ڈھانپے بغیر کھیلوں کے کسی مقابلے میں حصہ نہیں لے سکتیں ۔لیکن پچھلے دنوں جنوبی کوریا میں ایک عجیب واقعہ ہوا جب ،ایرانی اتھلیٹ الناز ریکابی نے بغیر حجاب پہنے ایشین راک کلائمبنگ چیمپئن شپ میں حصہ لیا۔ان کا کہنا تھا ایسا کرنا محض حادثاتی تھا اور وہ حجاب پہننا بھول گئی تھیں۔

خیال یہ تھا کہ ان سے ایران واپسی پر حکومت سخت پوچھ گچھ کرے گی اور انہیں گرفتار کر لیا جائے گا یا ان پر باہر جانے پر پابندی لگا دی جائیگی۔لیکن جب وہ بدھ کی صبح تہران ائر پورٹ پہنچیں تو ان کے حامیوں اور پرستاروں کی ایک بڑی تعداد نے ان کا والہانہ استقبال کیا اور حکومت کی طرف سے بظاہر کوئی کارروائی دیکھنے میں نہیں آئی۔

دو سرکاری خبر رساں ایجنسیوں کے نمائندے اور کیمرے بھی وہاں موجود تھے ۔ریکابی نے کیمروں کا سامنا کرتے ہوئے حجاب نہ پہننے پر سوالوں کے جواب دیےا ور کہا کہ یہ مکمل طور پر حادثاتی تھا ۔

Your browser doesn’t support HTML5

ایران میں احتجاج: ’حکومت کے پاس مظاہرے کچلنے کی طاقت اب بھی موجود ہے‘

ان کا کہنا تھا کہ چونکہ وہ اپنے جوتے اور پہاڑ پر چڑھائی کے لئے گیئر پہننے میں مصروف تھیں وہ اپنا حجاب پہننا بھول گئیں اور پھر مقابلے میں حصہ لینے چلی گئیں۔"

ایک اور سوال کے جواب میں ریکابی نے کہا کہ حالانکہ مجھے بہت زیادہ پریشانی اور ذہنی دباو کا سامنا تھا۔ لیکن" ابھی تک، خدا کا شکر ہے، کچھ نہیں ہوا ہے۔ اور میں ذہنی سکون کے ساتھ ایران واپس آئی ہوں۔"

اتوار کے مقابلے کے بعد ریکابی کے دوست بھی بہت پریشان تھے کیونکہ ان سے رابطہ نہیں ہو پا رہا تھا اور وہ ان کی حفاظت کے بارے میں فکر مند تھے ۔

Your browser doesn’t support HTML5

ایران میں احتجاجی لہر، خواتین کے حقوق موضوعِ بحث

ریکابی کا حجاب کے بغیر مقابلہ کرنا اس لئے بھی پریشان کن تھا کہ ایران میں پہلے ہی مہسا امینی کی موت کے خلاف مظاہرے ہو رہے ہیں جنہیں ایران کی اخلاقیات نافذ کرنے والی پولیس نے ملک میں لباس سے متعلق نافذ قواعد کی خلاف ورزی کرنے پر حراست میں لیا تھا۔

اس صورتحال میں بہت خدشہ تھا کہ کہیں ریکابی کے خلاف بھی ایسی کوئی کارروائی نہ کی جائے۔ لیکن فی الحال ایسی کوئی اطلاع نہیں ہے۔

"انٹرنیشنل فیڈریشن آف اسپورٹ کلائمبنگ" بھی صورتحال پر نظر رکھے ہوئے ہے اور اس نے منگل کو ایک بیان میں کہا کہ وہ ریکابی کے ساتھ رابطے میں ہے اور حقائق جاننے کی کی کوشش کر رہی ہے۔فیڈریشن نے یہ بھی کہا کہ وہ ایران میں ریکابی سے متعلق صورتحال پر نظر رکھے گی تاکہ حکومت ان کے خلاف کوئی کارروائی نہ کرے۔

فیڈریشن نے کہا کہ کھلاڑیوں کی حفاظت ہمارے لیے سب سے اہم ہے اور ہم اس صورتحال میں اپنی کمیونٹی کے ایک قابل قدر رکن کو محفوظ رکھنے کے لیے ہر ممکن کوشش کرتے رہیں گے۔

اتوار کو ہونے والے مقابلے میں ریکابی چوتھے نمبر پر رہیں، جب کہ سن دوہزار اکیس میں انہوں نے ورلڈ راک کلائمبنگ چیمپئن شپ میں خواتین کے مشترکہ مقابلے میں کانسی کا تمغہ جیتا تھا۔