ایران: اصلاح پسند اُمیدوار صدارتی انتخاب کی دوڑ سے الگ

رضا عارف (فائل فوٹو)

رواں ہفتے کے دوران محمد رضا عارف دوسرے صدارتی اُمیدوار ہیں جنہوں نے خود کا اس دوڑ سے الگ کیا۔
ایران کے سابق نائب صدر محمد رضا عارف نے صدارتی انتخابات کی دوڑ سے خود کا الگ کر لیا ہے۔

اُنھوں نے منگل کو ایک بیان میں کہا کہ ملک کے اصلاح پسند سابق صدر محمد خاتمی کی طرف سے اُنھیں پیر کو دیر گئے ایک خط ملا جس میں کہا گیا کہ صدارتی انتخابات کی دوڑ میں شامل رہنا دانشمندانہ فیصلہ نہیں ہو گا۔

61 سالہ سابق نائب صدر کا یہ فیصلہ اصلاح پسندوں کے اُن بیانات کے بعد سامنے آیا جس میں اُنھوں نے محمد رضا عارف سے کہا تھا کہ وہ اعتدال پسند حسن روحانی کی حمایت کریں۔

رواں ہفتے کے دوران محمد رضا عارف دوسرے صدارتی اُمیدوار ہیں جنہوں نے خود کا اس دوڑ سے الگ کیا۔

ایران کے موجودہ صدر محمود احمدی نژاد دو مرتبہ منصب صدارت پر فائز رہ چکے ہیں اور ملک کے آئین کے مطابق وہ تیسری بار صدارتی انتخابات میں حصہ نہیں لے سکتے۔