ایران میں قید تین امریکی ہائکرز میں سے دو کی ماؤں نے کہا ہے کہ ان کے بچے آپس میں شادی کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔
شین بائیور نے سارا شوڈ کو ایران کی ایوین جیل میں شادی کی پیش کش کی تھی۔ دونوں اسیر امریکیوں کی ماؤں کا کہنا ہے کہ ان کے بچوں کا ارادہ ہے کہ وہ جیل سے رہائی پاتے ہی شادی کرلیں گے۔ایران نے ابھی تک ان کی رہائی کے بارے میں کچھ نہیں کہا ۔
دونوں خواتین نے پیر کے روز ایک بیان جاری کیا جس میں کہا گیا ہے کہ انہیں اس منگنی کے بارے میں پچھلے ہفتے ایران میں اپنے بچوں سے ملاقات کے دوران علم ہوا تھا۔ ملاقات کرنے والوں میں تیسرے امریکی قیدی جوش فاٹل کی والدہ بھی شامل تھیں۔ ان کا کہنا تھا کہ فاٹل اس شادی میں شہ بالا بننا چاہتا ہے۔
ایرانی عہدے داروں نے ان تین امریکیوں کو تقریباً 10 مہینے پہلے ایران عراق سرحد کے نزدیک سیر سپاٹا کرتے وقت گرفتار کیاتھا۔ پچھلے ہفتے ایرانی حکومت نے ان تینوں کی ماؤں کو پہلی بار ان سے ملاقات کے لیے ملک میں آنے کی اجازت دی تھی۔