ترکمنستان میں گیس پائپ لائن کی افتتاحی تقریب میں صدر احمدی نژاد شرکت کریں گے


ایرانی صدر محمود احمدی نژاد قدرتی گیس کی اس پائپ لائن کے افتتاح میں شرکت کے لیے پڑوسی ملک ترکمنستان میں ہیں جس سے ایران کو گیس کی فراہمی میں اضافہ ہوگا۔

مسٹر احمدی نژاد منگل کے روز ترکمن دارالحکومت اشک آباد پہنچے اور انہوں نے ترکمن صدر سے مذاکرات کیے ۔

دونوں راہنما بدھ کے روز اس پائپ لائن کا افتتاح کریں گے جس کے ذریعے ترکمنستان سے ایران کو گیس کی سالانہ فراہمی دوگنی سے زیادہ ہو کر 20 ارب کیوبک میٹرز تک بڑھ سکے گی ۔

30 کلومیٹر طویل اس پائپ لائن سے ترکمنستان کے اس کنویں سے گیس لائی جائے گی جو روائتی طور پر روس کو گیس کی برآمد کے لیے مخصوص تھا۔ ترکمنستان اپنی گیس کی برآمدات میں گزشتہ سال اس وقت سے اضافے کی کوشش کر رہاہے جب سے روس نے ترکمنستان سے گیس کی خریداری میں نمایاں طور پر کمی کر دی ہے۔

ترکمنستان ایرانی صدر کے وسط ایشیائی دورے کا دوسرا مرحلہ ہے ۔ پیر کے روز اور انہوں نے اپنے تاجک ہم منصب ایمومالی رحمن سے ملاقات کے لیے تاجکستان کا دورہ کیا تھا