ایران کا سعودی ماہی گیر کشتی پر قبضہ، عملے کو حراست میں لے لیا: ایرانی ذرائع ابلاغ

فائل

ایران کے پاسدارانِ انقلاب نے سعودی عرب کی ایک ماہی گیر کشتی قبضے میں لے کر عملے کو گرفتار کر لیا ہے۔ یہ خبر ایرانی نظام عدل کی ویب سائٹ نے جمعے کے روز شائع کی ہے۔

ایرانی بندرگاہ کے شہر، بوشہر کے ایک مقامی اہلکار نے ’میزان‘ کو بتایا کہ حراست میں لینے کے معاملے کے بارے میں تفتیش جاری ہے۔

اُنھوں نے حراست میں لیے گئے عملے کی تعداد اور شہریت کے بارے میں تفصیل پیش نہیں کی۔

ایران اور اُس کے علاقائی حریف سعودی عرب مشرق وسطیٰ میں کئی عشروں سے ’پراکسی‘ لڑائیوں میں ملوث رہے ہیں، جہاں شام، عراق اور یمن کے تنازعات میں ان میں سے ہر ایک مخالف فریق کی حمایت کرتا ہے۔

ایرانی ذرائع ابلاغ نے گذشتہ سال خبر دی تھی کہ سعودی سرحدی محافظین نے خلیج میں موجود ایرانی ماہی گیری کشتیوں پر گولیاں چلائیں، جس کے نتیجے میں ایک ماہی گیر ہلاک ہوا، جب کہ تین کو گرفتار کر لیا گیا۔