لاہور دھماکے کی تحقیقات جاری، لاش برآمد

دھماکے کے بعد پولیس اہلکار جائے واقعہ کا جائزہ لے رہے ہیں۔

ڈی آئی جی آپریشنز کا کہنا ہے کہ دھماکے کی جگہ سے بارود کی بو آ رہی تھی جس سے لگتا ہے کہ دھماکے میں بارودی مواد استعمال کیا گیا ہے۔

لاہور میں پیر کی شب ہونے والے دھماکےکی جگہ سے ایک شخص کی لاش ملی ہے جب کہ پولیس کا کہنا ہے کہ ابتدائی تحقیقات سے پتا چلا ہے کہ دھماکے میں استعمال ہونے والا ٹرک چوری کا ہے۔

ڈی آئی جی آپریشن ڈاکٹر حیدر اشرف نے منگل کو وائس آف امریکہ کو بتایا کہ لاہور میں آؤٹ فال روڈ پر سگیاں پل کے قریب ہونے والے بم دھماکےکی جگہ سے ایک شخص کی لاش ملی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ ہلاک ہونے والے شخص کی شناخت امانت علی کے نام سے ہوئی ہے جس کا تعلق پنجاب کے وسطی شہر گوجرانوالہ سے ہے۔

ڈاکٹر حیدر اشرف کے مطابق ابتدائی تحقیقات سے پتا چلا ہے کہ دھماکے میں استعمال ہونے والا ٹرک چوری کا تھا جو تین روز سے جائے واردات پر کھڑا تھا اور جسے ترپال سے ڈھانپا گیا تھا۔

ڈی آئی جی آپریشن نے بتایا ہے کہ فرانزک ٹیم نے دھماکے میں استعمال ہونے والے ٹرک کے پرزے اور جائے حادثہ سے دیگر ثبوت اکٹھے کر لیے ہیں اور مزید تفتیش جاری ہے۔

انہوں نے کہا کہ دھماکے کی جگہ سے بارود کی بو آ رہی تھی جس سے لگتا ہے کہ دھماکے میں بارودی مواد استعمال کیا گیا ہے۔

دریں اثنا آؤٹ فال روڈ پر ہونے والے بم دھماکے کا مقدمہ تھانہ سی ٹی ڈی میں پولیس کی مدعیت میں درج کر لیا گیا ہے جس میں قتل، اقدامِ قتل اور دہشت گردی کی دفعات شامل کی گئی ہیں۔

گزشتہ شب ہونے والے اس دھماکے میں 25 سے زائد افراد زخمی ہو گئے تھے۔

دریں اثنا لاہور کے قریب پنجاب پولیس کی ایک کارروائی میں کالعدم تحریکِ طالبان کے چار مبینہ دہشت گرد ہلاک ہوگئے ہیں۔

پولیس کے انسدادِ دہشت گردی ڈپارٹمنٹ کے سربراہ رائے طاہر کے مطابق پولیس کو پیر اور منگل کی درمیانی شب اطلاع ملی تھی کہ تحریکِ طالبان پاکستان کے سات مبینہ دہشت گرد پنجاب کے شہر شیخوپورہ سے لاہور جا رہے ہیں، جہاں وہ پولیس کے افسران اور اہلکاروں کو دہشت گردی کا نشانہ بنائیں گے۔

رائے طاہر نے وائس آف امریکہ کو بتایا کہ اطلاع ملنے پر پولیس نے لاہور کے مضافاتی علاقے سگیاں پل پر ناکہ بندی کر دی جہاں مشتبہ ملزمان کے ساتھ فائرنگ کے تبادلے میں چار مبینہ دہشت گرد ہلاک ہو گئے جبکہ تین ملزمان رات کی تاریکی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے فرار ہونے میں کامیاب رہے۔

رائے طاہر نے بتایا کہ ہلاک ہونے والے دہشت گردوں کی شناخت کی جار رہی ہے جبکہ فرار ہونے والے دہشتگردوں کی تلاش شروع کر دی گئی ہے۔