انسٹاگرام نے بچوں کے لیے ’ٹین اکاؤنٹ‘ متعارف کرا دیا

فائل فوٹو

  • انسٹاگرام نے بچوں کے اکاؤنٹس پر کانٹینٹ اور رابطوں کو محدود کرنے کے لیے ’ٹین اکاؤنٹ‘ کا فیچر متعارف کرا دیا ہے۔
  • 16 سال سے کم عمر بچوں کے اکاؤنٹ خود بخود ٹین اکاؤنٹس کی سیٹنگز پر چلے جائیں گے۔
  • بچوں کو رسٹرکشنز کم کرنے کے لیے والدین کی اجازت درکار ہوگی۔
  • والدین یہ دیکھ سکیں گے کہ ان کے بچے نے گزشتہ سات روز میں کس کو میسج کیا اور وہ کن موضوعات پر کانٹینٹ دیکھ رہا ہے۔
  • والدین بچوں کے اکاؤنٹس پر ٹائم لمٹ اور کسی خاص وقت میں انسٹاگرام استعمال نہ کرنے کی پابندی بھی لگا سکیں گے۔

انسٹاگرام نے 'ٹین اکاؤنٹ' کا فیچر متعارف کرا دیا ہے جس کے تحت 16 سال تک کے بچوں کے لیے کانٹینٹ اور ان سے رابطے کو محدود کیا جا رہا ہے۔

انسٹاگرام نے منگل کو جاری اپنے بیان میں کہا ہے کہ 16 سال تک کے بچوں کے اکاؤنٹس خود بخود ٹین اکاؤنٹس میں تبدیل ہو جائیں گے اور اگر وہ سیٹنگز کو تبدیل کر کے رسٹرکشنز کم کرنا چاہیں تو انہیں اپنے والدین کی اجازت درکار ہوگی۔

انسٹاگرام کا کہنا ہے کہ اس سے ایک طرف والدین کو ذہنی سکون ملے گا کہ ان کے بچے محفوظ ہیں۔ والدین کے یہ خدشات کم ہوں گے کہ بچے کوئی نامناسب مواد نہ دیکھ رہے ہوں یا کسی انجان شخص سے بات نہ کر رہے ہوں۔ دوسری جانب بچوں کو بھی ایک ایسا فیچر ملے گا جو صرف ان کے لیے بنایا گیا ہے اور جس کے ذریعے وہ اپنی پسند کے موضوعات پر مثبت کانٹینٹ دیکھ سکیں گے۔

یہ تبدیلیاں ایسے وقت کی گئی ہیں جب سوشل میڈیا ایپس کے بچوں کے لیے محفوظ استعمال پر بہت سے سوالات اٹھائے جا رہے ہیں۔ رواں سال جولائی میں بچوں کے سوشل میڈیا استعمال کو محفوظ بنانے کے لیے امریکی سینیٹ میں ایک قانون بھی منظور کیا گیا تھا۔

ٹین اکاؤنٹس میں کیا رسٹرکشنز ہوں گی؟

پرائیویٹ اکاؤنٹس: ٹین اکاؤنٹس پر پرائیویٹ اکاؤنٹس کی سیٹنگ ڈیفالٹ ہو جائے گی۔ یعنی بچوں کے اکاؤنٹس پر موجود کانٹینٹ لوگ اس وقت تک نہیں دیکھ سکیں گے جب تک وہ ان کے فالوورز میں شامل نہ ہوں۔ جو انہیں فالو نہیں کرتے وہ ان سے رابطہ بھی نہیں کر سکیں گے۔

میسجنگ رسٹرکشنز: بچوں کے اکاؤنٹس پر سخت ترین میسجنگ سیٹنگز لگائی جائیں گی تاکہ انہیں صرف وہی لوگ پیغام بھیج سکیں جنہیں وہ فالو کرتے ہوں یا پھر ان سے پہلے سے ہی رابطے میں ہوں۔

حساس مواد کی پابندی: بچوں کے اکاؤنٹس پر حساس کانٹینٹ کے کنٹرول کی سب سے سخت سیٹنگز لاگو کی جائیں گی جس سے ان کے سامنے محدود مواد آئے گا۔ مثلاً لڑائی جھگڑے اور کاسمیٹک پروسیجرز کی تشہیر کرنے والی ریلز یا پوسٹس ان کے پاس نہیں آئیں گی۔

محدود انٹریکشنز: بچوں کو صرف وہی لوگ ٹیگ یا مینشن کر سکیں گے جن اکاؤنٹس کو وہ فالو کرتے ہوں۔ ٹین اکاؤنٹس پر اینٹی بلیئنگ فیچر بھی لگایا جائے گا اور ان کے کمںٹس اور ڈائریکٹ میسجز سے غیر مناسب الفاظ حذف ہو جائیں گے۔

ٹائم لمٹ ریمائنڈر: بچوں کے اکاؤنٹس پر نوٹی فکیشنز آئیں گے جو انہیں بتائیں گے کہ انہوں نے دن میں ایک گھنٹہ انسٹاگرام استعمال کر لیا ہے اور اب وہ ایپ بند کردیں۔

سلیپ موڈ: ٹین اکاؤنٹس پر رات 10 سے صبح 7 بجے تک سلیپ موڈ آن ہو جائے گا جس میں ان کے نوٹی فکیشنز میوٹ ہوں گے اور میسجز پر آٹو ریپلائے کا فیچر آن ہو گا۔

والدین بچوں کے اکاؤنٹ کیسے کنٹرول کر سکیں گے؟

بچے اپنے اکاؤنٹس پر لگنے والی حفاظتی سیٹنگز یا رسٹرکشنز کو کم کر سکیں گے لیکن اپنے والدین کی اجازت سے۔ اس کے لیے انہیں اپنے اکاؤنٹ پر پیرنٹس سپروژن کی سیٹنگز کرنی ہوں گی۔

پیرنٹس سپروژن کی سیٹنگز لاگو ہونے کے بعد والدین اپنے بچوں کو یہ اختیار بھی دے سکتے ہیں کہ وہ اپنے اکاؤنٹس کی سیٹنگز خود تبدیل کر سکیں جب کہ والدین خود بھی سیٹنگز تبدیل کر سکتے ہیں۔

اس کے علاوہ والدین یہ بھی دیکھ سکیں گے کہ ان کے بچے نے گزشتہ سات روز کے دوران کس کس کو میسج کیا ہے۔ لیکن وہ ان کے میسجز نہیں پڑھ سکیں گے۔

والدین کو یہ اختیار بھی مل جائے گا کہ وہ بچوں کے اکاؤنٹ پر ٹائم لمٹ لگا سکیں۔ ٹائم لمٹ پوری ہونے کے بعد بچے ایپ استعمال نہیں کر سکیں گے۔

اس کے علاوہ والدین کسی خاص وقت کے لیے انسٹاگرام استعمال کرنے کو بند بھی کر سکتے ہیں جیسے رات کے وقت یا پڑھائی کے وقت۔ اس وقت بچے اپنا اکاؤنٹ استعمال نہیں کر سکیں گے۔

والدین یہ بھی دیکھ سکیں گے کہ ان کا بچہ کن موضوعات پر مواد دیکھ رہا ہے اور وہ اس کی عمر سے مطابقت بھی رکھتا ہے یا نہیں۔

ٹین اکاؤنٹس کی یہ سیٹنگز نیا اکاؤنٹ بنانے والوں پر آج سے ہی لاگو ہو جائیں گی جب کہ جن کے اکاؤنٹس پہلے سے موجود ہیں انہیں انسٹاگرام نوٹیفکیشنز بھیجے گا اور ان کے اکاؤنٹس اگلے ہفتے سے ٹین اکاؤنٹس میں جانا شروع ہو جائیں گے۔