بھارت کی ٹینس ٹیم ستمبر میں پاکستان کا دورہ کرے گی

پاکستان کے ٹینس کھلاڑی اعصام الحق اور بھارت کے روہن بوپنا ایک میچ کے دوران۔ فائل فوٹو

بھارت کی آل انڈیا ٹینس ایسوسی ایشن نے تصدیق کی ہے کہ ان کی ٹینس ٹیم ستمبر میں پاکستان میں شیڈول ڈیوس کپ مقابلوں میں شرکت کے لیے پاکستان جائے گی۔

دورے کے دوران دونوں ممالک کی ٹیمیں اسلام آباد کے گراس کورٹ پر ایک دوسرے کا مقابلہ کریں گی۔

ٹینس ایسوسی ایشن کے صدر پراوین مہاجن کا کہنا ہے کہ دونوں ممالک کے تعلقات میں تناؤ کے باوجود بھارتی ٹیم پاکستان جائے گی۔ ان کے بقول اگر وہ پاکستان نہ گئے تو انہیں بھاری جرمانہ ہو گا۔ یہ عالمی کپ کے فائنل کی طرح ہے۔

یہ بھارتی ٹینس ٹیم کا گزشتہ 55 سال کے دوران پہلا دورہ پاکستان ہو گا۔

پراوین مہاجن کا کہنا ہے کہ کھلاڑیوں کے سرحد پار جانے پر حکومت کو کوئی اعتراض نہیں۔ دونوں ممالک کی ٹیموں کے درمیان 14 اور 15 ستمبر کو ایشین گروپ ون کا میچ کھیلا جائے گا۔

ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ ڈیوس کپ ٹینس کے عالمی مقابلوں کا حصہ ہے اس میں شرکت کے لیے کلیئرنس کی ضرورت نہیں ہوتی۔ تاہم ہم کوئی بھی قدم حکومت کی اجازت کے بغیر نہیں اٹھانا چاہتے تھے۔

اس سے قبل بھارتی ٹیم 1964 میں ڈیوس کپ کھیلنے پاکستان آئی تھی جہاں اسے چار صفر سے کامیابی حاصل ہوئی تھی۔ جب کہ بھارت نے 2006 میں بھی ممبئی میں ہونے والے ڈیوس کپ ٹورنامنٹ میں پاکستان کو شکست دی تھی۔

پاکستان حالیہ برسوں میں ڈیوس کپ کے انعقاد کے لیے کوشاں رہا ہے، تاہم سیکورٹی خدشات کے باعث غیر ملکی ٹیمیں جنوبی ایشیا کا سفر کرنے سے گریزاں تھیں۔

پراوین مہاجن کا کہنا ہے کہ بھارت کو خصوصی سیکورٹی نہیں چاہئے۔ پاکستان کا دورہ کرنے والے اسکواڈ کا اعلان بھارت اگست کے پہلے ہفتے میں کرے گا۔

اسکواڈ چھ کھلاڑیوں پر مشتمل ہو گا جب کہ سپورٹ اسٹاف، کپتان اور دیگر حکام بھی وفد میں شامل ہوں گے۔

ادھر پاکستان ٹینس فیڈریشن کے صدر سلیم سیف اللہ نے تصدیق کی ہے کہ انہیں بھارتی وفد کے ناموں کی فہرست مل گئی ہے جب کہ ویزے کے اجراء کا مرحلہ جاری ہے۔

گزشتہ ہفتے انٹرنیشنل ٹینس فیڈریشن کی ایک دو رکنی ٹیم نے پاکستان کا دورہ کیا تھا اور اسلام آباد میں پاکستان سپورٹس کمپلیکس سمیت سیکورٹی کی صورت حال کا جائزہ لیا تھا۔ یہ مقابلے پاکستان سپورٹس کمپلیکس کے گراس کورٹس پر کھیلے جائیں گے۔ سلیم سیف اللہ کا کہنا ہے کہ ٹیم نے سیکورٹی کے انتظامات پر مکمل اطمنان کا اظہار کیا تھا۔