بھارت کے خلائی مشن چندریان تھری کی کامیاب لینڈنگ کے بعد اس میں موجود چاند گاڑی یا روور ’پرگیان‘ نے چاند کی سطح پر چلنا شروع کر دیا ہے۔
سنسکرت لفظ ’پرگیان‘ کے معنی دانائی ہیں۔ پرگیان کے حوالے سے بھارت کے خلائی ادارے ’انڈین اسپیس ریسرچ آرگنائزیشن‘ (آئی ایس آر او) نے سوشل میڈیا پر ایک بیان میں بتایا ہے کہ روور لینڈر سے باہر آ چکا ہے اور اس کے ساتھ ہی بھارت نے چاند کی سطح پر قدم رکھ دیا ہے۔
بھارت کا خلائی مشن بدھ کو چاند کے قطب جنوبی پر لینڈنگ میں کامیاب ہوا تھا۔ ایسا پہلی بار ہوا ہے کہ چاند کے اس حصے میں کوئی خلائی مشن پہنچا ہے۔
چند دن قبل روس نے بھی اپنے خلائی مشن لونا-25 کی قطب جنوبی میں لینڈنگ کی کوشش کی تھی۔ لیکن چاند کی سطح پر اترتے ہوئے یہ تباہ ہو گیا تھا۔
#Chandrayaan3: #Pragyan touched down to the moon and started its 14 day long journey to explore the moon surface #IADN pic.twitter.com/Ic4iF4uzmH
— Indian Aerospace Defence News - IADN (@NewsIADN) August 24, 2023
بھارت کے خلائی مشن میں موجود چھ پہیوں والی چاند گاڑی شمسی توانائی سے چلتی ہے۔
یہ روور چاند کے قطب جنوبی میں اس علاقے کو دریافت کرے گا جس کا نقشہ آج تک نہیں بنایا جا سکا۔
یہ چاند گاڑی ممکنہ طور پر آئندہ دو ہفتے تک چاند کے قطب جنوبی کی تصاویر اور سائنٹفک معلومات جمع کرے گی۔
بھارت نے قبل ازیں چار سال پہلے چاند کی سطح پر پہنچنے کی کوشش کی تھی۔ لیکن چاند کی سطح پر لینڈر اترتے ہوئے اس کی چاند گاڑی تباہ ہو گئی تھی۔
Moon Landing Sites: India becomes 1st nation to land successfully on the south pole of the Moon🌙🇮🇳 #IADN pic.twitter.com/WdC72coro7
— Indian Aerospace Defence News - IADN (@NewsIADN) August 24, 2023
بھارت نے خلا پر تحقیق جاری رکھی اور اب اس کا انسان کے بغیر مشن چاند کی سطح پر پہنچ چکا ہے۔
زمین سے چاند مشن چندریان تھری کا سفر چھ ہفتے قبل شروع ہوا تھا۔ بھارت میں اس مشن پر مسلسل تبصرے جاری تھے جب کہ کامیابی کی امید کی جا رہی تھی۔
مشن کی کامیابی پر بدھ کو بھارت کے وزیرِ اعظم نریندر مودی نے کہا کہ یہ پوری انسانیت کی فتح ہے۔
واضح رہے کہ بھارت دنیا کا چوتھا ملک ہے جو اب تک چاند کی سطح پر اترنے میں کامیاب ہوا ہے۔ قبل ازیں یہ کارنامہ امریکہ، روس اور چین کر چکے ہیں۔
واضح رہے کہ بھارت کے مشن کو چاند کی سطح پر پہنچنے میں 1960 اور 1970 کی دہائی میں چاند پر پہنچنے والے اپولو مشنز سے زیادہ وقت لگا۔
Chandrayaan-3 Mission:Chandrayaan-3 ROVER:Made in India 🇮🇳Made for the MOON🌖!The Ch-3 Rover ramped down from the Lander and India took a walk on the moon !More updates soon.#Chandrayaan_3#Ch3
— ISRO (@isro) August 24, 2023
چندریان تھری کو ایک کم طاقت والے راکٹ کے ذریعے خلا میں روانہ کیا گیا تھا۔ اس نے زمین کے مدار میں کئی چکر لگائے اور ہر چکر مکمل ہونے پر آہستہ آہستہ زمین سے دوری اختیار کی تھی۔ یہ سفر مکمل کرنے میں لگ بھگ چھ ہفتے لگے۔
بھارت کا اسپیس پروگرام دیگر ممالک کے مقابلے میں انتہائی کم سرمائے سے چلایا جا رہا ہے۔ لیکن 2008 میں چاند کے مدار میں مشن بھیجنے کے بعد سے یہ ترقی کی منزلیں طے کرتا چلا گیا ہے۔
خبر رساں ادارے ’اے ایف پی‘ کے مطابق چندریان تھری پر لگ بھگ سات کروڑ 46 لاکھ ڈالر لاگت آئی ہے جو دیگر ممالک کے چاند پر بھیجے گئے مشنز سے انتہائی کم ہے۔ تاہم اس سے بھارت کی کم لاگت کی اسپیس انجنیئرنگ کی تصدیق ہوتی ہے۔
بھارت ایشیا کا پہلا ملک ہے جس نے مریخ کے مدار میں 2014 میں ہی خلائی جہاز منگل یان بھیج دیا تھا۔ یہ جہاز 300 دن کے سفر کے بعد سرخ سیارے کے مدار میں داخل ہوا تھا۔
#Chandrayaan3: The #pragyan rover starts its 14-day journey on the #Moon%27s surface, crawling at 1 cm/s speed.Note: 1 day on the moon is equal to 14 days on the Earth🌙➡️🌎 📍Moon South Pole Temperature: - 238°C pic.twitter.com/JzuTylTlQZ
— Indian Aerospace Defence News - IADN (@NewsIADN) August 23, 2023
بھارت مستقبل میں خلا پر تحقیق کے کئی مشن بھیجنے کا ارادہ رکھتا ہے۔ آئندہ ماہ بھارت سورج پر تحقیق کے لیے مشن روانہ کرنے کا ارادہ رکھتا ہے۔
بھارت میں آئندہ برس تین خلا بازوں پر مشتمل مشن زمین کے مدار میں روانہ کرنے کی بھی منصوبہ بندی کی جا رہی ہے۔
اسی طرح بھارت اور جاپان 2025 میں چاند پر مشترکہ مشن بھیجنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔ جب کہ سیارہ زہرہ پر تحقیق کے لیے بھی آئندہ دو برس میں مشن روانہ کرنے کی تیاری کی جا رہی ہے۔
اس رپورٹ میں خبر رساں ادارے ’اے ایف پی‘ سے معلومات لی گئی ہیں۔