بارہ مولا جھڑپ: چھ جنگجو اور دو بھارتی فوجی ہلاک

بھارتی زیرِ انتظام کشمیر کے بارہ مولا علاقے میں مسلمان عسکریت پسندوں اور فوج کے درمیان اِس سال کی سب سے خونریز معرکہ آرائی کے دوران چھ جنگجو اور دو بھارتی فوجی ہلاک ہوگئے ہیں۔

جمعے کو فوج نے علاقے کی کئی بستیوں اور ملحقہ جنگل کو محاصرے میں لے رکھا ہے اور فوجی ہیلی کاپٹروں کو استعمال میں لایا گیا ہے ، اور پیراٹروپرز اور کمانڈوز کی ایک جمعیت کو بھی علاقے میں اتار دیا گیا ہے۔

عسکری تنظیم حزب المجاہدین نے اعتراف کیا ہے کہ اُس کے چار ارکان ہلاک ہوئے ہیں اور یہ دعویٰ کیا ہے کہ کم از کم تین بھارتی فوجیوں کو ہلاک کیا جا چکا ہے۔

شمالی کشمیر کے اعلیٰ پولیس عہدے دار عبد القیوم منہاس نے بتایا کہ بھارتی فوج اور مقامی پولیس کی عسکریت مخالف سپیشل آپریشنز گروپ کے سپاہیوں نے علاقے کی طرف جمعرات کی شام یہ اطلاع ملنے کے بعد پیش قدمی شروع کردی کہ وہاں عسکریت پسندوں کا ایک بڑا گروپ چھپا ہوا ہے۔ اطلاعات کے مطابق، جھڑپ کے دوران چند نجی گھر تباہ ہوئے۔

اِس ہفتے شمالی کشمیر میں مسلمان عسکریت پسندوں اور بھارتی فوج کے درمیان یہ دوسری جھڑپ ہے۔ اِس سے پہلے منگل کو ایک بھارتی فوجی میجر اور ایک سپاہی ہلاک ہوئے تھے۔