بھارتی کشمیر: عسکریت پسندوں کے حملے میں سات یاتری ہلاک

بھارتی کشمیر میں سیکیورٹی اہل کار حملے کے مقام پر کھڑے ہیں۔ فائل فوٹو

بھارت کے زیرِ انتظام کشمیر میں سات ہندو یاتری دہشت گردوں کے حملے اس وقت ہلاک ہو گئے جب وہ پہاڑوں میں واقع اپنی عبادت گاہ کی یاترا کے لیے جا رہے تھے۔

اس سفر کے دوران پولیس کے اہل کار ان کی حفاظت کے لیے ہمراہ تھے۔

اس حملے سے کشمیر کی شورش زدہ وادی میں جاری کشیدگی میں مزید اضافہ ہو سکتا ہے۔

پولیس کے انسپکٹر جنرل منیر احمد خان نے کہا ہے کہ اننت ناگ قصبے کے قریب کیے جانے والے اس حملے کا ہدف یاتریوں کی حفاظت پر معمور پولیس کمانڈوز تھے۔

یہ قصبہ ہندو عبادت گاہ جانے والے راستے میں واقع ہے اور ان دنوں وہاں بڑی تعداد میں یاتری موجود ہیں۔

انسپکٹرجنرل نے بتایا کہ اس حملے میں چھ یاتری اور تین پولیس اہل کار زخمی بھی ہوئے۔

اس حملے سےان سخت گیر ہندوگروپس کی برہمی میں اضافہ ہوسکتا ہے جو وزیر اعظم نریندر مودی کے زیادہ قریب ہیں ۔

حکمران جماعتیں ایک عرصے سے بھارتی کنٹرول کے مسلم اکثریتی کشمیر میں لڑنے والے عسکریت پسندوں کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کرتے رہے ہیں۔