بھارتی کشمیر: برفانی تودے گرنے سے 12 فوجی ہلاک

بھارتی کشمیر: برفانی تودے گرنے سے 12 فوجی ہلاک

بھارت کے زیرِ انتظام کشمیر میں برفانی تودے گرنے سے کم از کم 12 فوجی ہلاک ہو گئے ہیں، جب کہ متعدد کے تاحال برف تلے پھنسے ہونے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔

کرنل کے ایس گریوال نے جمعرات کے روز بتایا کہ تین فوجی پہاڑی علاقے سونمارگ اور نو لائن آف کنٹرول (ایل او سی) کے قریب واقع قصبے داور میں قائم ایک بڑے فوجی کیمپ میں ہلاک ہوئے۔

عہدے داروں کا کہنا ہے کہ دونوں واقعات بدھ کی شب پیش آئے۔

بھارتی کشمیر: برفانی تودے گرنے سے 12 فوجی ہلاک

کرنل گریوال کے مطابق امدادی کارکنوں نے داور میں متاثرہ فوجی کیمپ سے 13 اہلکاروں کو زندہ نکال لیا جن کا فوجی اسپتال میں علاج جاری ہے۔

اُنھوں نے بتایا کہ فوج کی خصوصی امدادی ٹیمیں داور پہنچنے کی کوشش کر رہی ہیں لیکن برف باری، ابر آلود موسم اور دھند کے باعث اُن کو مشکلات کا سامنا ہے۔

داور سرحدی علاقے گوریز کا حصہ ہے جہاں موسم سرما میں شدید برف باری اور بارشوں کے باعث سڑکیں بند ہو جاتی ہیں اور سال کے پانچ ماہ اس کا کشمیر کے دوسرے علاقوں سے رابطہ ختم ہو جاتا ہے۔

عہدے داروں نے متنبہ کیا ہے کہ علاقے میں برف اور مٹی کے تودے گرنے کے مزید واقعات پیش آ سکتے ہیں۔

کشمیر میں ایسے واقعات معمول کی بات ہیں، اور گزشتہ ماہ برفانی تودہ گرنے کے باعث زمینی رابطہ بحال کرنے میں مصروف سات بھارتی فوجی ہلاک ہو گئے تھے۔

سال 2010ء میں بھی بھارتی فوج کے بلند مقامات پر جنگ سے متعلق تربیت گاہ پر برفانی تودہ گرنے سے 17 اہلکار مارے گئے تھے۔