پاکستان کے خلاف اتوار کو اہم میچ میں آسان کیچ چھوڑنے والے بھارت کے بالر ارشدیپ سنگھ ان دنوں دونوں ممالک میں موضوعِ بحث بنے ہوئے ہیں۔ ایک جانب اُنہیں تنقید کا سامنا ہے تو سوشل میڈیا پر اُن کی ٹرولنگ کا سلسلہ بھی جاری ہے۔
ادھر 'وکی پیڈیا' پر اُن کی پروفائل میں تبدیلی کا معاملہ بھی سامنے آیا ہے، جس پر بھارتی حکام نے 'وکی پیڈیا' کے نمائندوں کو طلب کر لیا ہے۔
میچ کے بعد 'وکی پیڈیا' پر ارشدیپ سنگھ کے پروفائل میں اُنہیں خالصتان کرکٹ ٹیم کا حصہ ظاہر کیا گیا تھا، جب کہ ایک جگہ پر اُن کا نام میجر ارشدیپ سنگھ لکھا گیا تھا۔
خیال رہے کہ بھارت میں سکھوں کی ایک تنظیم ' خالصتان' کے نام سے الگ ملک کے لیے جدوجہد کر تی رہی ہے، جس کے خلاف بھارتی حکومت سخت مؤقف رکھتی ہے۔ بھارت خالصتان تحریک کو پروان چڑھانے کا الزام پاکستان پر بھی عائد کرتا رہا ہے، جس کی حکومتِ پاکستان تردید کرتی رہی ہے۔
خبر رساں ادارے 'رائٹرز' کے مطابق بھارت کی حکومت کی جانب سے 'وکی پیڈیا' کے بھارت میں نمائندوں کو طلب کیا گیا ہے، تاہم اس حوالے سے مزید تفصیلات جاری نہیں کی گئیں۔
بھارتی اخبار 'اکنامک ٹائمز' نے پیر کو رپورٹ دی تھی کہ حکومتی پینل 'وکی پیڈیا' نمائندوں سے بازپرس کرے گا کہ آن لائن انسائیکلو پیڈیا میں کیوں کر تبدیلی کی اجازت دی گئی۔
اخبار کے مطابق بھارتی حکومت کے ایک نمائندے کا کہنا ہے کہ یہ تبدیلیاں پڑوسی ممالک میں چلنے والے سرورز کے ذریعے کی گئی ہیں اور اس سے بھارت کی داخلی سیکیورٹی اور نیشنل سیکیورٹی کو بھی خطرات لاحق ہوئے۔
اتوار کو پاکستان اور بھارت میں میچ میں ارشدیپ سنگھ کی جانب سے پاکستانی بلے باز آصف علی کا آسان کیچ چھوڑنے کے بعد انہوں نے چھکا اور چوکے لگا کر پاکستان کو جیت کے قریب کر دیا تھا۔
خیال رہے کہ 'وکی پیڈیا' کے لیے مواد رضاکاروں کی جانب سے بلامعاوضہ فراہم کیا جاتا ہے اور صارفین تک معلومات کی فراہمی کے لیے گوگل اور ایمیزون ایلگزا کا بھی سہارا لیا جاتا ہے جس کی نگرانی وکی میڈیا فاؤنڈیشن کرتی ہے۔
اس حوالے سے 'وکی میڈیا' کی جانب سے جاری کیے گئے بیان میں کہا گیا ہے کہ فاؤنڈیشن عام طور پر کوئی ادارتی پالیسی متعین نہیں کرتی اور ہم کوئی مواد نہ تو شامل کرتے ہیں اور نہ ہی اس میں تبدیلی کرتے ہیں۔ وکی میڈیا کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ارشدیپ کے پروفائل میں تبدیلی کے کچھ ہی دیر بعد ان تبدیلیوں کو حذف کر دیا گیا تھا۔
پاکستان اور بھارت ایشیا کپ کے دو مقابلوں میں آمنے سامنے آ چکے ہیں اور دونوں ہی سنسنی خیز مراحل کے بعد ایک مرتبہ بھارت اور دوسری مرتبہ پاکستان کی جیت پر منتج ہوئے۔ اتوار کو کھیلے گئے میچ میں پاکستان نے بھارت کو پانچ وکٹوں سے شکست دے دی تھی جب کہ اس سے قبل 28 اگست کو کھیلے گئے میچ میں بھارت نے پاکستان کو شکست دی تھی۔
پاکستان اور بھارت کے درمیان کرکٹ میچ کے دوران دونوں ملکوں کے عوام میں جوش و خروش پایا جاتا ہے اور ٹیم کی ہار کی صورت میں شائقین کی جانب سے سخت ردِعمل سامنے آتا ہے۔
دوسری جانب ارشدیپ سنگھ پر تنقید کے جواب میں بھارت میں کئی افراد ان کے حق میں بھی بات کر رہے ہیں۔