بھارت کے خلائی تحقیاتی ادارے (آئی ایس آر او) کے خلائی جہاز نے مریخ کے مدار میں پہنچنے کے بعد تصاویر بناے کا کام شروع کر دیا ہے۔
بھارت کا 'منگل یان' نامی خلائی جہاز بدھ کو مریخ کے مدار میں داخل ہوا۔
بھارتی ذرائع ابلاغ نے (آئی ایس آر او) کے حوالے سے بتایا ہے کہ اس نے "منگل یان" سے بھیجی گئی سرخ سیارے کی تصاویر جاری کر دی ہیں۔
بھارتی خلائی ادارے کے مطابق سیارے کی یہ تصاویر خلائی جہاز پر نصب کیمرے کی مدد سے 7300 کلومیٹر کی بلندی سے لی گئیں۔
بھارتی خلائی ادارے کے مطابق 'منگل یان' سے بھیجی گئی تصاویر کا جائزہ لیا جا رہا ہے تاہم اس کا کہنا ہے کہ ان تصاویر میں سرخ رنگ کی خصوصیات نظر آ رہی ہیں کیونکہ مریخ کی مٹی میں لوہا وافر مقدار میں موجود ہے۔ ان تصاویر میں اربوں سال پرانے سیارے کی سطح پر کچھ گڑھے بھی دکھائی دے رہے ہیں۔
دوسری طرف امریکی خلائی دارے ناسا نے بھارت کے خلائی ادارے کے مریخ کے پہلے کامیاب مشن پر اسے مبارک دیتے ہوئے اسے بھارت کے لیے "اہم سنگ میل" قرار دیا ہے۔
بھارت کے خلائی تحقیق کے ادارے کے خلائی جہاز نے گزشتہ سال نومبر میں مریخ کے لیے سفر کیا تھا جو تقریباً 300 دنوں کے سفر کے بعد اس سیارے کے مدار میں پہنچا۔
اس مشن پر بھارت کی تقریباً ساڑھے چار ارب روپے لاگت آئی ہے اور بھارت کا خلائی سیارہ "منگل یان " آئندہ چھ ماہ کے دوران مریخ کی فضا کا جائزہ لے گا۔
بھارت کے خلائی جہاز سے پہلے امریکی خلائی ادارے ’ناسا‘ کا خلائی جہاز ’میون‘ دس ماہ میں 71 کروڑ 10 لاکھ کلومیڑ کا طویل سفر طے کرنے کے بعد اتوار کو مریخ کے مدار میں داخل ہوا تھا۔