بھارت میں سڑک کے حادثے میں 10 بچے ہلاک

بھارت میں سڑک کے حادثے میں 10 بچے ہلاک

شمالی بھارت میں سڑک پر گہری دھند کے باعث ہونے والے ایک حادثے میں 10 بچے اور اُنھیں اسکول لے جانے والا ڈرائیور ہلاک ہو گئے۔

پریس ٹرسٹ آف انڈیا نے پیر کو اس حادثے کی اطلاع دیتے ہوئے کہا ہے کہ مرنے والے بچوں کی عمریں 5 اور 8 سال کے درمیان تھیں جبکہ حادثے میں 20 دیگر بچے زخمی بھی ہوئے۔

شمالی ریاست ہریانہ میں امبالہ کے مضافات میں پیش آنے والے اس واقعہ میں اسکول وین دھند کے باعث مخالف سمت سے آنے والے ایک ٹرک سے ٹکرا گئی۔

دسمبر اور جنوری میں شدید سردی کے موسم میں خاص طور پر صُبح سویرے اور رات کے وقت گہری دھند شمالی بھارت کو اپنی لپیٹ میں لے لیتی ہے جس کی وجہ سے جہازوں اور ریل گاڑیوں کی آمدورفت کے نظام میں خلل پڑتا ہے جبکہ یہ سڑکوں پر حادثات کا باعث بھی بنتی ہے۔