بھارتی صحافیوں کا ساتھی کے قتل کے خلاف احتجاج

بھارتی صحافیوں کا ساتھی کے قتل کے خلاف احتجاج

ایک معروف مقامی کرائم رپورٹر کے قتل کے خلاف بھارتی شہر ممبئی کے سینکڑوں صحافیوں نے جمعہ کے روز احتجاجی مظاہرہ کیا۔

مظاہرہ میں شریک سینکڑوں صحافیوں نے ریاست مہاراشٹرا کے وزیرِاعلیٰ کے دفتر تک مارچ کیا ۔ مظاہرین مرکزی حکومت سے 56 سالہ کرائم رپورٹر جیوترموئے دیو کے قتل کی تحقیقات کا مطالبہ کر رہے تھے جنہیں ہفتے کے روز ان کی رہائش گاہ کے نزدیک گولیاں مار کر قتل کردیا گیا تھا۔

ممبئی میں مظاہرین مقتول بھارتی صحافی جیوترمائے ڈے کی تصویر اٹھائے ہوئے۔13 جون، 2011

پولیس کے مطابق موٹر سائیکلوں پر سوار چار مسلح افراد کی جانب سے دن دیہاڑے کی جانے والی قتل کی اس واردات نے پورے شہر کو ہلا کر رکھ دیا ہے۔

'ممبئی پریس کلب' کی جانب سے جاری ہونےو الی ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ دیو کی ہلاکت سے غیر قانونی کاروائیوں میں ملوث طاقتور سیاسی اور کاروباری حلقوں کی جانب سے تحقیقاتی صحافیوں کو لاحق خطرات کا اظہار ہوتا ہے۔

ذرائع ابلاغ میں آنے والی بعض اطلاعات میں دیو کی ہلاکت کو ان کے حال ہی میں شائع ہونے والے ان تحقیقاتی مضامین سے جوڑا جارہا ہے جن میں انہوں نے اس "آئل مافیا" کے کرتوتوں کا پردہ چاک کیا تھا جو ان کے بقول رعایتی نرخوں پر فراہم کیے جانے والے کیروسین آئل چوری کرکے اسے پیٹرول کے حصول کیلیے استعمال کر رہے تھے۔

مقتول صحافی ے ممبئی شہر میں ہونے والے منظم جرائم پر دو کتابوں اور لاتعداد مضامین کے مصنف تھے۔

بھارت کے صحافی اپنے تحفظ کیلیے ایک نئے قانون کی منظوری کا مطالبہ کر رہے ہیں جس کے ذریعے صحافیوں کو دھمکانے اور نشانہ بنانے میں ملوث افراد کی ضمانت پر رہائی پہ پابندی عائد کی جاسکے۔