بھارت پاکستان کے درمیان سکریٹری داخلہ کی سطح کے مذاکرات

بھارت کے سکریٹری داخلہ آے کے سنگھ ایک بارہ رکنی وفد کے ہمراہ اپنے پاکستانی ہم منصب، صدیق اکبر کے ساتھ سکریٹری داخلہ سطح کے مذاکرات کی غرض سے پاکستان روانہ ہوگئے ہیں۔

یہ باہمی مذاکرات اسلام آباد میں ہوں گے، جِن کے دوران توقع ہے کہ دونوٕ ں ملک ویزا قوانین میں نرمی سے متعلق معاہدے پر دستخط کریں گے۔

بھارتی وزارت داخلہ کی ترجمان نے آر کے سنگھ کی روانگی سے قبل ایک بیان میں کہا کہ نظرثانی شدہ ویزا معاہدے پر جمعے کے روز دستخط ہوں گے۔اِس کے تحت، گروپ ٹورسٹ ویزا، ویزا آن اَرائیول اور بزنس ویزا کا انتظام تجویز کیا گیا ہے۔

آر کے سنگھ کے ساتھ جو وفد پاکستان گیا ہوا ہے اُس میں انٹیلی جنس بیورو (سی بی آئی) کے چیف این سندھو، اور قومی تحقیقاتی ادارے کے ڈائرکٹر جنرل ایس سی سنہا بھی شامل ہیں۔پہلے، سی بی آئی کے ڈائریکٹر اے پی سنگھ کو بھی اس وفد میں شامل کیا گیا تھا لیکن آخری وقت میں اُن کی جگہ ایجنسی کے دوسرے اہل کاروں کو شامل کیا گیا ۔

اُنھوں نے مزید کہا کہ مذاکرات میں دہشت گردی، بھارتی قوانین کی گرفت سے بھاگے ہوئے مجرموں ، منشیات اور انسانی اشوز جیسا کہ پاکستانی جیلوں میں بند بھارتی ماہی گیروں اور سویلین کی رہائی کے مسئلے پر خصوصی توجہ دلائی جائے گی۔

سکریٹری داخلہ سطح کے آخری مذاکرات گذشتہ سال مارچ میں نئی دہلی میں ہوئےتھے۔