پاکستان کے وزیر اعظم عمران خان کی جانب سے بات چیت کی پیشکش کے بعد بھارت نے اپنی فضائیہ کے جنگی پائلٹ ونگ کمانڈر ابھی نندن کو غیر مشروط اور فوری طور پر رہا کرنے کا مطالبہ کیا تھا۔
اس مطالبے کے کچھ ہی دیر بعد یہ اطلاعات موصول ہوئی ہیں کہ عمران خان نے پائلٹ کو جمعہ کی شام رہا کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔
عمران خان کے اس اعلان کے بعد بھارت میں ٹویٹر پر ”ویلکم بیک“ ابھی نندن ٹرینڈ کرنے لگا۔ بیشتر صارفین مسرت کا اظہار کرنے کے ساتھ عمران خان کا شکریہ بھی ادا کر رہے ہیں۔
بھارت کا کہنا ہے کہ امریکہ نے پاکستان کے بالاکوٹ میں جیش محمد کے ٹریننگ کیمپ کے خلاف بھارتی فضائیہ کی کارروائی کی حمایت کی ہے۔
خبرر ساں ایجنسی اے این آئی کی رپورٹ کے مطابق بھارت کے قومی سلامتی کے مشیر اجیت ڈوبھال نے بدھ کی شب امریکی وزیر خارجہ مائک پومپیو سے ٹیلی فون پر بات کی تھی۔ جس کے دوران انھوں نے بھارت کی کارروائی کی حمایت کی۔
بھارت کا یہ بھی کہنا ہے کہ پاکستان کی جانب سے دہشت گردوں اور ان کے مددگاروں کے خلاف فوری اور قابل تصدیق کارروائی کا انتظار ہے۔
بھارتی وزارت خارجہ نے ایک روز قبل ئنی دہلی میں پاکستان کے قائم مقام ہائی کمشنر کو پلوامہ حملے میں جیش محمد کے ملوث ہونے سے متعلق ایک ڈوزیئر دیا تھا۔ بھارتی میڈیا کے مطابق عمران خان نے اس ڈوزیئر کی تصدیق کی ہے۔
ایک اور خبر کے مطابق وزیر خارجہ سشما سوراج چین میں تین ملکوں کے وزرائے خارجہ کے اجلاس میں شرکت کے بعد متحدہ عرب امارات جا رہی ہیں جہاں وہ او آئی سی کے اجلاس میں شرکت کریں گی۔ ابوظہبی میں منعقد ہونے والے اجلاس میں بھارت کو پہلی بار بطور مبصر مدعو کیا گیا ہے۔