بھارت: تباہ شدہ ہیلی کاپٹر کا ملبہ مل گیا

بھارت: تباہ شدہ ہیلی کاپٹر کا ملبہ مل گیا

بھارتی عہدے داروں کا کہناہے کہ ان کی ایک ٹیم کو اس ہیلی کاپٹر کا ملبہ مل گیا ہے جو ہفتے کے روز حادثے کا شکار ہوگیاتھا۔ ہیلی کاپٹر میں ریاست آندھرا پردیش کے وزیر اعلیٰ بھی سوار تھے۔

بھارتی وزیر داخلہ پی چدم برم نے بدھ کے روز کہا کہ تلاش پر معمور ایک پارٹی نے ملک کے مشرقی پہاڑی علاقے میں ہیلی کاپٹر کے ملبے کے ساتھ تین نعشوں کی نشان دہی کی ہے۔ ان کا کہناتھا کہ تحقیقات کے لیے ایک فوجی ٹیم جائے حادثہ پر روانہ کردی گئی ہے۔

ہفتے کو لاپتا ہونے والے ہیلی کاپٹر میں وزیر اعلیٰ دورجی کھاندو ، دو اور افراد اور دو پائلٹ سوار تھے۔ ریاست کے ایک دور افتادہ علاقے توانگ سے ریاست کے صدر مقام ایتانگر جاتے ہوئے پرواز کے 20 منٹ کے بعد ہیلی کاپٹر کارابطہ ایئر کنٹرول ٹریفک سے منقطع ہوگیا تھا۔

بھوٹانی سرحد کے ساتھ واقع اس علاقے میں گذشتہ کئی روز سے ہزاروں فوجی، پولیس اہل کار اور پیراملٹری دستے لاپتا ہیلی کاپٹر کو تلاش کررہے تھے۔ جب کہ ایئر فورس کے کئی طیارے اور ہیلی کاپٹربھی علاقے کا فضائی جائزے لیتے رہے ہیں۔ بھوٹان کی پولیس اور دیہاتی بھی تلاش کی مہم میں مصروف رہے۔

اسی کمپنی کا ایک اور ہیلی کاپٹر توانگ کے پہاڑی سلسلے میں 21 اپریل کو گرکر تباہ ہوگیاتھا۔ اس حادثے میں 17 افرادہلاک ہوگئے تھے۔