بھارت کا خلائی مشن مریخ کے مدار میں داخل

وزیراعظم نریندر مودی نے اس موقع اسرو کے سائنسدانوں اور اپنے ہم وطنوں کو مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ "آج تاریخ رقم کی گئی اور ہم نے ناممکن کو ممکن کر دکھایا۔"

بھارت کا خلائی جہاز "منگل یان" کامیابی کے ساتھ مریخ کے مدار میں داخل ہو گیا ہے اور یوں بھارت دنیا کا پہلا ملک بن گیا جس کی مریخ کے سفر کی پہلی ہی کوشش کامیاب رہی۔

بھارت کے خلائی تحقیق کے ادارے 'اسرو' نے گزشتہ سال نومبر میں مریخ کے لیے سفر کیا تھا جو تقریباً 300 دنوں کے سفر کے بعد اس سیارے کے مدار میں پہنچا۔

بھارت کے وزیراعظم نریندر مودی بھی اس تاریخی لمحے کو دیکھنے کے لیے تحقیقی ادارے میں سائنسدانوں کے ساتھ موجود تھے۔

اس موقع پر انھوں نے اسرو کے سائنسدانوں اور اپنے ہم وطنوں کو مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ "آج تاریخ رقم کی گئی اور ہم نے ناممکن کو ممکن کر دکھایا۔"

اس مشن پر بھارت کی تقریباً ساڑھے چار ارب روپے لاگت آئی ہے جو کہ اس نوعیت کے مشن کے لیے نسبتاً کم خرچ تصور کیا جارہا ہے۔

منگل یان آئندہ چھ ماہ کے دوران مریخ کی فضا کا جائزہ لے گا اور وہاں میتھین گیس کا پتا بھی لگائے گا۔

توقع کی جا رہی ہے کہ یہ بہت جلد ہی مریخ کی تصاویر بھی بھیجنا شروع کر دے گا۔

بھارت سے پہلے امریکہ، روس اور یورپ بھی کامیابی سے مریخ کے مدار میں داخل یا اس سیارے پر اپنے خلائی مشن مکمل کر چکے ہیں۔ دیگر ممالک کی طرف سے کی جانے والی اس نوعیت کی کوششیں کامیاب نہیں ہو سکی تھیں۔