بھارت: کنبھ میلے کے آخری روز80 لاکھ یاتریوں کا اشنان

شمالی بھارت میں ہند ومذہی تہوار کنبھ میلے کے آخری روز کم از کم 80 لاکھ یاتری دریائے گنگا کے کناروں پر اکھٹے ہوچکے ہیں۔

بدھ کے روز ہزاروں پولیس اہل کار امن و امان برقرار رکھنے کے لیے وہاں موجود تھے۔ ان کا کہناہے کہ اس سے قبل یاتریوں کی دھکم پیل میں دو خواتین ہلاک ہوگئی تھیں۔

بدھ کا دن ہر تین سال میں منائے جانے والے اس 12 ہفتوں پر محیط تہوار کا ایک اہم دن ہے جس میں یاتری اشنان کرتے ہیں۔ یہ اس میلے کا آخری اور سب سے اہم دن ہے ، لیکن 13 جنوری کو جب سے کنبھ میلہ شروع ہوا ہے،یاتری ہری دوار میں اکٹھے ہوچکے ہیں۔

منتظمین کا اندازہ ہے کہ اس سال لگ بھگ چار کروڑ افراد اس میلے میں شامل ہوچکے ہیں۔

وہ اس دریا پر اشنان کے لیے آتے ہیں جوایک ایسی رسم ہے جس کے بارے میں ان کا عقیدہ ہے کہ اس سے گناہ دھل جاتے ہیں۔

کنبھ میلہ ، اس دیومالائی جنگ کی یاد میں منایا جاتا ہے جو دیوتاؤں اور شیطانوں کے درمیان آب حیات کے ایک مٹکے کی بنا پر لڑی گئی تھی۔

اس روایت کے مطابق آب حیات کے کچھ قطرے چار مختلف جگہوں، الہ آباد، ہری دوار ، یوجین اورناسک میں گرے تھے۔ یہ تہوار ان چاروں مقامات پر باری باری ہوتا ہے۔

اگلا کنبھ میلہ 2013ء میں الہ آباد میں منعقد ہوگا۔