بھارت کے شہر ممبئی میں 1993ء میں ہونے والے بم دھماکوں کے مجرم یعقوب میمن کو جمعرات کو پھانسی دے دی گئی۔
53 سالہ یعقوب کی طرف سے رحم کی آخری اپیل مسترد ہونے کے بعد اسے مغربی شہر ناگپور کی جیل میں تختہ دار پر لٹکا دیا گیا۔
ان بم دھماکوں میں 257 افراد ہلاک ہوئے تھے اور 11 افراد کو دہشت گردی کے اس واقعے میں سزائے موت سنائی گئی۔ لیکن یعقوب کے علاوہ دیگر تمام کی سزائے موت عمر قید میں تبدیل کی جا چکی ہے۔
یعقوب میمن پر ان بم دھماکوں کے لیے مالی معاونت فراہم کرنے کا الزام 2007ء میں ثابت کر کے اسے سزائے موت سنائی گئی تھی۔
اس کے بڑے بھائی ٹائیگر میمن اور انڈر ورلڈ کے سرغنہ داود ابراہیم مبینہ طور پر ان دھماکوں کے منصوبہ ساز ہیں اور یہ دونوں ہی مفرور ہیں۔
1993ء میں ممبئی شہر کے اسٹاک ایکسچینج، ایئر انڈیا کے دفاتر، سینما گھر اور ہوٹلوں سمیت متعدد مقامات پر ہونے والے بم دھماکوں کو ملکی تاریخی کے ایک بدترین واقعے سے تعبیر کیا جاتا ہے۔