بھارت: ہاتھیوں نے ایک شخص ہلاک کردیا

بھارت: ہاتھیوں نے ایک شخص ہلاک کردیا

بھارت کے شہر میسور میں دو بھپرے ہوئے ہاتھیوں نے تین گھنٹوں تک اُکھاڑ پچھاڑ کرنے کے بعد ایک شخص کو روند کر ہلاک کر دیا ۔

حکام کے مطابق ہاتھیوں کے پیروں تلے آکر ہلاک ہونے والا شخص ایک سکیورٹی گارڈ تھا جو شور سن کر اپنے گھر سے باہر آیا تھا۔

مقامی حکام کے مطابق دونوں ہاتھی ایک قریبی جنگل سے بھارت کے اس جنوبی شہر میں داخل ہوئے جس کے باعث شہریوں میں خوف و ہراس پھیل گیا۔

شہر میں اپنی موجودگی کے دوران ہاتھیوں نے ایک گائے پر حملہ کیا جس کے بعد لڑکیوں کے ایک کالج ، رہائشی علاقے اور بازار میں داخل ہو کر گھومتے رہے ۔ حفاظتی اقدامات کے تحت علاقے کے اسکول اور کالجز کو بند کردیا گیا تھا۔

محکمہ جنگلات کے اہلکاروں نے نشہ آور ٹیکوں کے ذریعے دونوں ہاتھیوں کو بے ہوش کردیا جہاں سے اُنھیں دوبارہ جنگل میں چھوڑ دیا جائے گا۔

واضح رہے کہ بھارت میں 20 سے 25 ہزار کے لگ بھگ جنگلی ہاتھی موجود ہیں۔ جنگلوں کے سکڑتے ہوئے رقبے کے باعث اکثر اوقات ہاتھی خوراک کی تلاش میں قریبی دیہات کا رخ کرلیتے ہیں۔