بھارت: انتخابات کا آٹھواں مرحلہ

بدھ کو سب کی نظر امیٹھی کے حلقے پر تھی جہاں کانگریس کے راہول گاندھی، بے جے پی کی امیدوار اداکارہ سمرتی ایرانی اور عام آدمی پارٹی کے رہنما کمار وشواس میدان میں ہیں۔
بھارت میں لوک سبھا کے لیے انتخابات کا آٹھواں مرحلہ بدھ کو شروع ہوا جس میں سات ریاستوں سے 64 حلقوں کے لیے ووٹ ڈالے گئے۔

اس مرحلے میں نو کروڑ سے زائد رجسٹرڈ ووٹرز تھے جب کہ ایک ہزار سات سو 37 امیدوار میدان میں ہیں۔

آٹھویں مرحلے میں جن سات ریاستوں میں پولنگ ہو ئی ان میں ہماچل پردیش، بہار، اتراکھنڈ، اترپردیش، آندھر پردیش، مغربی بنگال اور جموں و کشمیر شامل ہیں۔

بدھ کو سب کی نظر امیٹھی کے حلقے پر تھی جہاں کانگریس کے راہول گاندھی، بے جے پی کی امیدوار اداکارہ سمرتی ایرانی اور عام آدمی پارٹی کے رہنما کمار وشواس میدان میں ہیں۔

بدھ کو ہونے والے انتخابی مرحلے میں کئی اور نامور امیدوار بھی حصہ لے رہے تھے جن میں راہول کے چچازاد اور بی جے پی کے ورون گاندھی، سابق کرکٹر مھمد کیف، بہار کی سابق وزیراعلیٰ رابڑی دیوی اور لوک جن شکتی پارٹی کے رہنما رام بلاس پاسوان شامل ہیں۔

بھارت میں سات اپریل کو عام انتخابات شروع ہوئے جو کہ نو مرحلوں میں 12 مئی کو مکمل ہوں گے۔ نتائج کا اعلان 16 مئی کو کیا جائے گا۔