بھارتی اداکارہ کے ہاتھوں بے عزت ہونے پر نوجوان کی خودکشی

بالی ووڈ آئٹم گرل راکھی ساونت کی جانب سے بھدے ریمارکس پردلبرداشتہ ایک نوجوان نے خود کشی کرلی جس کے بعد راکھی ساونت کے خلاف ایف آئی آر درج کرلی گئی ہے اور انہیں قانونی چارہ جوئی کی غرض سے حراست میں بھی لیا جاسکتا ہے۔

نوجوان کا تعلق بھارتی ریاست اترپردیش کے ضلع جھانسی سے بتایا جاتا ہے۔ نوجوان کے گھر والو ں کے مطابق راکھی ساونت نے اپنے ٹی وی پروگرام 'راکھی کا انصاف' میں حصہ لینے والے 24 سالہ نوجوان لکشمن پرشاد کے خلاف نہایت بھدے فقرے کسے تھے جس سے دلبرادشتہ ہوکر لکشمن نے کھانا پینا بند کردیا اور بلاخر بدھ کی رات اس کی موت واقع ہوگئی۔

لکشمن کی ماں ساوتری کا کہنا ہے کہ لکشمن اور اس کی بیوی کے درمیان کسی بات پر تنازع چلا آ رہا تھا جسے بھولنے کی غرض سے وہ راکھی ساونت کے شو میں حصہ لینے گیا تھا جہاں راکھی نے اسے نامرد کہہ کر اس کی بے عزتی کی جو لکشمن کو کسی طوربرداشت نہ ہوئی ۔ سونے پہ سہاگہ راکھی کے ان ریمارکس پر اس کے دوست اسے چڑانے لگے تھے اور یوں اس نے سب سے ملنا جھلنا چھوڑدیا اور خود کو ایک کمرے میں بند کرلیا۔

ساوتری کی جانب سے دیئے گئے بیان کے مطابق راکھی کے ہاتھوں بے عزتی برادشت نہ کرسکنے اور کھانا پینا چھوڑ دینے کے سبب لکشمن دن بہ دن کمزور ہوتا چلا گیا اور بلآخر بدھ کی رات اس کی موت ہوگئی۔ ساوتری کے بقول راکھی ہی اس کے جوان بیٹے کی موت کا سبب ہے۔

لکشمن نے اپنی بیوی وینیتی اور دیگر اہل خانہ کے ساتھ پچھلے ماہ یعنی اکتوبر میں راکھی کے ٹی وی پروگرام راکھی کا انصاف میں حصہ لیا تھا۔ پروگرام میں راکھی جج کے فرائض انجام دیتے ہوئے گھریلوجھگڑوں پر اپنے فیصلے سناتی ہیں۔

لکشمن کی رواں سال ہی وینیتی سے شادی ہوئی تھی۔ شادی کے ایک ماہ بعد کسی بات پر دونوں میاں بیوی میں ناراضگی رہنے لگی تھی جس کے بعد سے دونوں الگ الگ رہتے تھے۔

لکشمن کے چچا بل بیرکے بیان کے مطابق ہمارا مقصد پروگرام میں جاکر لکشمن اور وینتی کے درمیان اٹھنے والے تنازع کو سلجھانا تھا ۔ اگر ہمیں معلوم ہوتا کہ ٹی وی پر کروڑوں ناظرین کے سامنے راکھی لکمشمن کو اس طرح بے عزت کرے گی تو ہم شو میں کبھی نہ جاتے۔

لکشمن کے خاندان والوں کا کہنا ہے کہ وہ راکھی کو نہیں چھوڑیں گے اور عدالت میں وہ ٹی وی فوٹیج بھی پیش کریں گے جس میں راکھی نے لکشمن کی بے عزتی کی تھی۔