بھارت: تیزاب کے حملے سے چار خواتین جھلس گئیں

فائل فوٹو

یہ چاروں خواتین آپس میں بہنیں ہیں اور سب سے چھوٹی بہن کو سب سے زیادہ زخم آئے ہیں جسے نئی دہلی کے اسپتال میں انتہائی نگہداشت یونٹ میں منتقل کردیا گیا ہے۔
بھارت کی ریاست اترپردیش میں چار خواتین پر نامعلوم افراد نے تیزاب سے حملہ کیا جس سے وہ بری طرح سے جھلس گئی ہیں۔

یہ چاروں خواتین آپس میں بہنیں ہیں جن پر مظفر نگر کے علاقے میں منگل کی شام موٹرسائیکل پر سوار دو افراد نے تیزاب پھینکا۔ حملے کا نشانہ بننے والی تین خواتین پڑھاتی ہیں جب کہ چوتھی بہن ایک طالبہ ہے۔

ان پر یہ حملہ اس وقت کیا گیا جب وہ اسکول سے فارغ ہو کر گھر واپس جارہی تھیں۔

سب سے چھوٹی بہن کو سب سے زیادہ زخم آئے ہیں اور وہ نئی دہلی کے اسپتال میں انتہائی نگہداشت یونٹ میں زیر علاج ہے۔

پولیس کے مطابق تاحال اس حملے کے محرکات واضح نہیں ہوسکے ہیں اور نا ہی کوئی گرفتاری عمل میں آئی ہے۔

بھارت میں خواتین پر تشدد اور تیزاب سے حملوں کے واقعات کوئی غیر معمولی بات نہیں ہے۔
گزشتہ ماہ ریاست چھتیس گڑھ کے علاقے رائے گڑھ میں بھی چار کم سن بہنوں پر تیزاب کے حملے کا واقعہ سامنے آیا تھا۔

بھارت میں تیزاب سے حملوں کے جرم میں آٹھ سے 12 سال تک کی سزا ہے۔ انسانی حقوق کی تنظیمیں ملک میں تیزاب کی فروخت کے قوائد وضوابط وضع کرنے پر زور دیتی آئی ہیں۔