پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین اور سابق وزیرِ اعظم عمران خان نے اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس عامر فاروق پر عدم اعتماد کا اظہار کیا ہے۔
عمران خان کی طرف سے چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ کے خلاف عدم اعتماد کی درخواست عدالت میں دائر کی گئی ہیں۔
عمران خان نے درخواست میں کہا ہے کہ "مجھے آپ سے انصاف کی توقع نہیں۔ آپ سے گزارش ہے کہ میرا کوئی کیس آپ نہ سنیں۔"
عمران خان کی طرف سے چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ عامر فاروق کے خلاف عدم انصاف اور عدم اعتماد کی درخواست دائر ، آپ سے مجھے انصاف کی توقع نہیں آپ نے متعدد مواقعوں پر میرے خلاف کسی ذاتی و دیگر وجوہات کی وجہ سے خلاف قانون فیصلے دئیے آئیندہ آپ سے گزارش ہے کہ میرا کوئی کیس آپ نہ سنیں pic.twitter.com/E509dJaZyi
— PTI (@PTIofficial) July 3, 2023
سابق وزیرِ اعظم نے چیف جسٹس پر الزام عائد کیا کہ آپ نے متعدد مواقع پر میرے خلاف کسی ذاتی یا دیگر وجوہات کی وجہ سے خلافِ قانون فیصلے دیے۔
واضح رہے کہ مقامی عدالتوں کے متعدد فیصلوں اور احکامات کے خلاف عمران خان کی اپیلیں بھی اسلام آباد ہائی کورٹ میں زیرِ سماعت ہیں۔
دوسری جانب عمران خان کے خلاف اسلام آباد میں درج مقدمات میں پیش رفت سامنے آئی ہے۔
مقامی میڈیا کے مطابق وفاقی دارالحکومت میں درج 10 مقدمات پر چیف کمشنر نے ضلعی کچہری میں مقرر سماعتوں کو جوڈیشل کمپلیکس منتقل کر دیا ہے۔
پاکستان کے سابق وزیرِ اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ اس وقت ملک میں غیر اعلانیہ مارشل لا ہے۔ امریکی ٹی وی کو دیے گئے انٹرویو میں عمران خان کا کہنا تھا کہ امریکہ کو چاہیے کہ وہ پاکستان میں جمہوریت کو ختم کرنے کی کوششوں کو روکے۔#ImranKhan #VOAUrdu pic.twitter.com/bhobyRxKQj
— VOA Urdu (@voaurdu) July 3, 2023
مقدمات کی جوڈیشل کمپلیکس منتقلی کا اعلامیہ بھی جاری کر دیا گیا ہے۔
تحریکِ انصاف کے سربراہ کا دعویٰ ہے کہ ان کے خلاف ملک بھر میں 100 سے زائد مقدمات درج کیے جا چکے ہیں۔