عام انتخابات کا فیصلہ عمران خان نہیں اتحادی کریں گے، وزیرداخلہ

وزیرداخلہ رانا ثنااللہ (فائل)

پاکستان تحریکِ انصاف کے چیئرمین اور سابق وزیرِ اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ہمارا مینڈیٹ چوری کرنے والوں کو اب ہر محاذ پر شکست ہو گی۔ ملک کو سیاسی بحران سے نکالنے کا واحد راستہ صاف اور شفاف انتخابات ہیں۔ دوسری جانب مسلم لیگ نواز کی نائب صدر مریم نواز اور وفاقی وزیرداخلہ رانا ثنااللہ نے کہا ہے کہ عمران خان پی ٹی آئی کے خلاف ممنوعہ فنڈنگ کیس کے فیصلے کے خوف سے الیکشن کمیشن اور اداروں پر الزام تراشی کر رہے ہیں اور ان کے بقول حکومت یا ادارے دباؤ میں نہیں آئیں گے۔

تحریکِ انصاف کی کور کمیٹی کے اجلاس کے بعد پیر کو اپنے خطاب میں عمران خان کا کہنا تھا کہ ہمیں موجودہ چیف الیکشن کمشنر پر کوئی اعتبار نہیں ہے اس لیے وہ فوری طور پر مستعفی ہو جائیں۔

Imran Khan PTI Pakistan

سابق وزیرِ اعظم کے بقول ملک میں سیاسی عدم استحکام کا واحد حل شفاف اور غیر جانب دارنہ طریقے سے ہونے والے انتخابات ہی میں ہے۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ پنجاب کے ضمنی انتخابات کے دوران نوجوان ووٹرز اور خواتین کی بڑی تعداد باہر نکلی جس پر وہ ان کے شکر گزار ہیں۔

سابق وزیرِ اعظم نے کہا کہ وہ نو اپریل کو صرف ایک ڈائری لے کر وزیرِ اعظم ہاؤس سے نکلے تھے، لیکن 25 مئی کو پورا پاکستان موجودہ حکومت کے خلاف سڑکوں پر تھا۔

سربراہ تحریکِ انصاف کا مزید کہنا تھا کہ یہ پاکستان کی تاریخ کا اہم موڑ ہے کہ پوری قوم اب جاگ چکی ہے اور لوگ نظریۂ پاکستان کو سمجھ رہے ہیں۔

سابق وزیرِ اعظم نے دعویٰ کیا ا کہ اُن کو اقتدار سے ہٹانے کے لیے مصنوعی سیاسی بحران پیدا کیا گیا۔

SEE ALSO: پنجاب کے ضمنی انتخابات میں ناکامی: مسلم لیگ (ن) کے پاس کیا آپشنز ہیں؟

گزشتہ روز پنجاب کے ضمنی انتخابات میں واضح برتری حاصل کرنے کے بعد سوشل میڈیا پر اپنے پیغام میں بھی عمران خان نے چیف الیکشن کمشنر سے مستعفی ہونے کا مطالبہ کیا تھا اور ملک کے سیاسی و معاشی مسائل کے حل کے لیےعام انتخابات کو واحد راستہ قرار دیا تھا۔

مسلم لیگ نواز کی نائب صدر مریم نواز نے اپنے ایک ٹویٹ میں کہا ہے کہ عمران خان کا الیکشن کمیشن پر غصہ ان کے خلاف ممنوعہ فنڈنگ کیس کے سبب ہے۔ان کا کہنا تھا کہ ضمنی انتخاب میں پانچ سیٹوں پر ہار جانے پر زیادہ زعم میں آنے کی ضرورت نہیں۔ ان کے بقول الیکشن کمیشن پر تنقید نہ ہونے والی دھاندلی کے سبب نہیں بلک بلکہ فارن فنڈنگ فیصلے کا خوف ہے۔

وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے بھی وزیراطلاعات مریم اورنگزیب کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے عمران خان کی الیکشن کمیشن پر تنقید پر سخت ردعمل دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ اداروں پر دباؤ بڑھا رہے ہیں اور حکومت اداروں کے ساتھ کھڑی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم الیکشن ہارے ہیں لیکن ہم الیکشن کمیشن کے ساتھ ہیں۔

عمران خان کے انتخابات کے مطالبے کے حوالے سے وزیرداخلہ کا کہنا تھا کہ اس کا فیصلہ اتحادی مل کر کریں گے۔

پاکستان پیپلزپارٹی کے صوبائی وزیر شرجیل میمن نے پارٹی قیادت کے اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو میں کہا ہے کہ انتخابات کے بارے میں پارٹی کا فیصلہ یہی ہے کہ حکومت کو اپنی مدت پوری کرنی چاہیے۔ اور پیپلز پارٹی اپنا نقطہ نظر اتحادیوں کے اجلاس میں رکھے گی۔

سابق وزیراعظم اور مسلم لیگ نواز کے سینئر رہنما شاہد خاقان عباسی نے ایک نجی ٹی وی کے پروگرام میں کہا ہے کہ انتخابات اپنے وقت پر ہونے چاہیئں۔