امریکہ اور افغان طالبان کی بات چیت نتیجہ خیز ہوگی: عمران خان

وزیر اعظم نے کہا ہےکہ ’’پاکستان نے امریکہ کی افغان طالبان سے بات کروا دی ہے۔۔۔ پاکستان کی مدد سے دسمبر کی 17 تاریخ کو امریکہ اور افغان طالبان کی بات چیت ہوگی‘‘

وزیر اعظم عمران خان نے امریکہ اور افغان طالبان کے درمیان مذاکرات پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے، اِسے اپنی پارٹی اور حکومت کا ’’ایک اہم اقدام‘‘ قرار دیا ہے۔

اُنھوں نے کہا کہ ’’پاکستان نے امریکہ کی افغان طالبان سے بات کروا دی ہے، جبکہ پاکستان کی مدد سے دسمبر کی 17 تاریخ کو امریکہ اور افغان طالبان کی بات چیت ہوگی‘‘۔

پشاور میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے، عمران خان نے کہا کہ ’’ماضی میں ’ڈو مور‘ کا مطالبہ کرنے والا امریکہ اب کہتا ہے کہ طالبان سے مذاکرات کراؤ‘‘۔

اُنھوں نے کہا کہ ’’ہمیشہ کہتا رہا ہوں کہ افغان مسئلے کا حل مذاکرات ہیں، جس پر مجھے طالبان خان کہا گیا‘‘۔

وزیر اعظم نے کہا کہ ’’افغانستان میں امن ہو تو پشاور سینٹرل ایشیا میں سرمایہ کاری کا مرکز بن سکتا ہے، قلعہ بالاحصار کو سیاحت کا مرکز بنائیں گے‘‘۔

اُنھوں نے یاد دلایا کی وہ اس وقت سے افغانستان کے مسئلے اور طالبان کے معاملے کو مذاکرات کے ذریعے حل کرنے پر زور دے رہے تھے جس وقت امریکہ فوجی اور آپریشن کے ذریعے اپنے مقاصد کو حاصل کرنے پر تلا ہوا تھا۔

تاہم، عمران خان کے بقول، اب امریکہ نے ہمارے مؤقف کو اپنایا ہے۔ انھوں نے کہا کہ آئندہ 17 دسمبر کو ان کی حکومت امریکہ اور افغان طالبان کے درمیان مذاکرات کریگی۔ اور انکے بقول، ’’یہ مذاکرات نتیجہ خیز‘‘ ثابت ہوں گے۔

امریکی صدر کے افغانستان کے لئے خصوصی نمائندے زلمے خلیل زاد پچھلے کئی ہفتوں سے قطر کےد ارالحکومت، دوحہ میں طالبان کے سیاسی دفتر کے ساتھ رابطوں میں ہیں۔

گذشتہ نومبر کے اواخر میں خلیل زاد اور طالبان کے 5 رہنماؤں پر مشتمل وفد کے درمیان براہ راست مذاکرات ہوئے ہیں، جبکہ پاکستان میں دوسرے دور کے مذاکرات کے سلسلے میں زلمے خلیل زاد نے چند روز قبل اسلام آباد کا دورہ کیا تھا۔ اور اس دورے کے دوران، انہوں نے وزیر اعظم عمران خان اور پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ سے بھی ملاقات کی تھی۔

اسلام آباد کے دورہ کے بعد خلیل زاد کابل گئے تھے، جہاں انھوں نے افغان صدر ڈاکٹر اشرف غنی اور دیگر اعلیٰ عہدیداروں کو طالبان کے ساتھ ہونے والی بات چیت اور یقین دہانیوں کے بارے میں اعتماد میں لیا تھا۔

اس وقت ڈاکٹر زلمے خلیل زاد واشنگٹن میں ہیں، جہاں وہ اعلیٰ امریکی عہدیداروں اور ماہرین کے ساتھ افغانستان کے مستقبل کے حوالے سے صلاح مشورے کر رہے ہیں۔

وزیر اعظم عمران خان نے اس موقع پر اپنی حکومت کی کارکردگی کے حوالے سے بھی بات کی اور کہا کہ حکومت کی بہتر پالیسیوں کی وجہ سے ملک میں سرمایہ کاری آ رہی ہے؛ اور دنیا کی سب سے بڑی آئل کمپنی ’ایگزون‘ نے 27سال بعد پاکستان آنے کا فیصلہ کیا ہے۔