فرانسیسی وزیرِخزانہ آئی ایم ایف کی نئی سربراہ مقرر

فرانسیسی وزیرِخزانہ آئی ایم ایف کی نئی سربراہ مقرر

منگل کے روز امریکی سیکریٹری خزانہ ٹموتھی گیتھنر نے اپنی فرانسیسی ہم منصب کو ’غیرمعمولی ذہانت اور وسیع تجربہ‘ کی حامل قرار دیا

فرانس کی وزیرِخزانہ کرسٹینا گارڈ کوعالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کا نیا سربراہ منتخب کرلیا گیا ہے۔

آئی ایم ایف کے 24 رکنی ایگزیکٹو بورڈ نے منگل کےروز واشنگٹن میںمنعقد ہونے والےاجلاس میں ادارے کے نئے سربراہ کیلیےمس گارڈ کے نام پراتفاق کیا۔

فرانسیسی وزیرِخزانہ اپنےہم وطن ڈومینیک اسٹراس کوہن کی جگہ سنبھالیں گی جنہوں نے گزشتہ ماہ آئی ایم ایف کی سربراہی سے استعفیٰ دے دیا تھا۔

اسٹراس کوہن پر الزام ہے کہ انہوں نے نیویارک کے ایک پوش ہوٹل میں اپنے قیام کےدوران ایک ہوٹل ملازمہ کے ساتھ دست درازی کی کوشش کی تھی۔ اسٹراس کوہن خود پر عائد الزامات کی تردید کرتے ہیں۔

واضح رہے کہ آئی ایم ایف کی ذمہ داریوں میں معاشی مشکلات کا شکار ممالک کو قرضہ اور فنی مشاورت کی فراہمی جیسے امور شامل ہیں۔

کئی دہائیوں سے چلے آرہے ایک غیر رسمی معاہدہ کے تحت عالمی مالیاتی فنڈ کی سربراہی ہمیشہ ایک یورپی باشندے کو سونپی جاتی ہے جبکہ عالمی بینک کی قیادت امریکی شہری کے پاس رہتی ہے۔

برازیل، بھارت، چین اور دیگر ترقی پذیر ممالک کے عالمی معیشت میں بڑھتے ہوئے کردار کے باعث کئی حلقوں کی جانب سے مذکورہ روایت کو "فرسودہ" قرار دیتے ہوئے اس کی تنسیخ کا مطالبہ بھی سامنے آرہا ہے۔