دنیا مالیاتی بحران سے نکل گئی ہے: آئی ایم ایف

دنیا مالیاتی بحران سے نکل گئی ہے: آئی ایم ایف

بین الاقوامی مالیاتی ادارے نے کہاہے کہ اگرچہ دنیا مالیاتی بحران سے کسی حد تک باہر نکل چکی ہے لیکن وہ بدستور معاشی بحالی کے عمل سے گذر رہی ہے۔

منگل کے روز آئی ایم ایف کی جانب سے شائع ہونے والی ایک رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ مسئلہ بینکاری کے شعبے میں ہے ، جس کا مطلب یہ ہے حکومتوں کو مالیاتی اداروں کی مدد کا سلسلہ ختم کرنے کا کام بغور جائزہ لے کر ا ور آہستہ آہستہ کرنا چاہیے۔ آئی ایم ایف نے مالیاتی نظام کو چلانے کے نئے قوانین کو واضح کرنے کی اپیل بھی کی ہے۔

آئی ایم ایف کا کہنا ہے کہ یورپ میں قرضوں کے بحران نے وہاں اقتصادی بحالی کے عمل کوسست کردیاہے ۔ ادارے نے خبردار کیا ہے کہ امریکہ کو بدستور ہاؤسنگ مارکیٹ اور بے روزگاری کے مسئلے کا سامنا ہے۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ترقی یافتہ معیشتیں اپنی بحالی کے لیے کوششیں کررہی ہیں ، جب کہ ترقی پذیر ملکوں کی اقتصادیات خاص طورپر مضبوط ہیں۔

عالمی سطح پر معاشی استحکام کی صورت حال پر معمول کی یہ رپورٹ ، عالمی بینک اور آئی ایم ایف کے حکام کی دنیا بھر کے ملکوں کے عہدے داروں درمیان پچھلے ہفتے واشنگٹن میں ہونے والی کانفرنس کے بعد جاری ہوئی ہے، جس میں مالیاتی اصلاحات، معاشی ترقی اور دیگر امور پر غور کیا گیاتھا۔