​وومن ورلڈ ٹی20 فائنل: آسٹریلیا اور انگلینڈ اتوار کو مدمقابل

آسٹریلیا اور انگلینڈ کی کرکٹ ٹیمیں

آئی سی سی وومن ورلڈ ٹی 20 کے فائنل میں اتوار کو روایتی حریف انگلینڈ اور آسٹریلیا کی ٹیمیں آمنے سامنے ہوں گے۔پہلے سیمی فائنل میں آسٹریلیا نے ویسٹ انڈیز جبکہ دوسرے سیمی فائنل میں انگلینڈ نے بھارت کو شکست دی تھی۔

آسٹریلیا کی ٹیم نے پانچویں مرتبہ فائنل کھیلنے کا اعزاز حاصل کیا اوروہ جیتنے کی صورت میں چوتھی بار ٹائٹل اپنے نام کرے گی ۔

آسٹریلوی ٹیم مسلسل تین مرتبہ 2010ء، 2012ء اور 2014ء میں ٹائٹل جیت چکی ہے جبکہ 2016ء میں ویسٹ انڈیز کی ٹیم فاتح رہیں۔

انگلینڈ نے 2009ء میں ٹورنامنٹ کا افتتاحی ایڈیشن جیتا تھا، یہ اُس کا چوتھا فائنل ہوگا جبکہ یہ تیسرا موقع ہے جب انگلش ٹیم فائنل میں آسٹریلیا کے مدمقابل ہوگی۔

پہلے سیمی فائنل میں آسٹریلیا کی جانب سے ہیلے کے 46،لیننگ کے 31 اور ناقابل شکست 25 رنز کی بدولت ویسٹ انڈیز کو جیت کے لئے 143رنز کا ہدف ملا لیکن میزبان ٹیم آدھے اسکور یعنی 71رنز پر ہی ڈھیر ہوگئی،ویسٹ انڈیز کی طرف سے سب سے زیادہ انفرادی اسکور 16رنز ٹیلر کا رہا۔

کپتان ٹیلر کے سوا ویسٹ انڈیز کی کوئی بھی پلیئر ڈبل فیگر میں اسکور نہ کر سکی اور پوری ٹیم 17اعشاریہ 3 اوورز میں صرف 71 رنز ہی بناسکی۔

آسٹریلیا کی طرف سے پیری، کیمنس اور گارڈنر نے دو، دو جبکہ شوٹ اور ویرہم نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

شاندار بیٹنگ پرفارمنس پر الیسا ہیلے کو پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا۔

دوسرے سیمی فائنل میںانگلینڈ نے بھارت جیسی مضبوط ٹیم کو کھیل کے ہر شعبے میں آؤٹ کلاس کیا۔

بھارتی خواتین کی ٹیم ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 19 اعشاریہ 3 اوورز میں 112 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی، مندھانا 34 اور روڈرگز کے 26 رنزکے ساتھ نمایاں رہیں۔ بھارت کی سات پلیئرز ڈبل فیگر میں اسکور نہ کرسکیں۔

انگلینڈ کی جانب سے نائٹ نے تین، جبکہ ایکسلیس ٹن اور گورڈن نے دو، دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

ہدف کے تعاقب میں انگلش ٹیم کا آغاز تو مایوس کن رہا اور دونوں اوپنر صرف 24رنز پر پویلین لوٹ گئیں لیکن تیسری وکٹ کے لئے ناقابل شکست شراکت میں جونس اور سائیور نے 92 رنز بنا کر ٹیم بآسانی فائنل میں پہنچادیا، جونس نے 53 اور سائیور نے 52 رنز کی برق رفتار اننگز کھیلی۔

ایمی جونس عمدہ بیٹنگ پرفارمنس پر پلیئر آف دی میچ قرار پائیں۔

روایتی حریف آسٹریلیا اور انگلینڈ کی ٹیمیں اتوار کو فائنل میں مدمقابل ہوں گی۔