انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے 17 اکتوبر سے شروع ہونے والے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ سے قبل وارم اپ میچز کے شیڈول کا اعلان کر دیا ہے۔
آئی سی سی کے مطابق مجموعی طور پر 16 وارم اپ میچز کھیلے جائیں گے اور ہر ٹیم کو دو میچز ملیں گے۔ تمام میچز دبئی اور ابوظہبی میں کھیلے جائیں گے۔
آئی سی سی کا کہنا ہے کہ وارم اپ میچز میں تماشائیوں کو اسٹیڈیم میں داخلے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے لیے براہِ راست کوالیفائی کرنے والی آٹھ ٹیموں کے درمیان 18 سے 20 اکتوبر کے درمیان آٹھ میچز کھیلے جائیں گے۔
اٹھارہ اکتوبر کو چار میچز ہوں گے۔ پہلے میچ میں جنوبی افریقہ اور افغانستان کی کرکٹ ٹیمیں مدِ مقابل ہوں گی اور یہ میچ ابوظہبی کرکٹ گراؤنڈ میں مقامی وقت کے مطابق دوپہر دو بجے شروع ہو گا۔
دوسرا میچ پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان دبئی میں کھیلا جائے گا۔ پاکستان اپنا دوسرا میچ جنوبی افریقہ کے خلاف 20 اکتوبر کو ابوظہبی میں کھیلے گا۔
اسی طرح نیوزی لینڈ کی کرکٹ ٹیم وارم اپ میچز میں آسٹریلیا اور انگلینڈ کے مدِ مقابل ہو گی جب کہ بھارتی کرکٹ ٹیم انگلینڈ اور آسٹریلیا کے خلاف اپنے میچز کھیلے گی۔
آخری وارم اپ میچ افغانستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان 20 اکتوبر کو دبئی میں کھیلا جائے گا۔
یہ تو ذکر تھا ان ٹیموں کا جو ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں براہِ راست کوالیفائی کر چکی ہے۔ اب ذکر ان ٹیموں کا جو کوالیفائنگ میچز کھیلیں گی لیکن اس سے قبل انہیں بھی وارم اپ ہونے کا موقع ملے گا۔
SEE ALSO: ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2021 کے شیڈول کا اعلانکوالیفائنگ ٹیموں میں شامل بنگلہ دیش اپنے دو میچز سری لنکا اور اور آئرلینڈ کے خلاف کھیلے گا جب کہ نیدرلینڈز، اسکاٹ لینڈ، پاپوا نیو گنی، عمان اور نمیبیا کی ٹیمیں بھی اپنے دو دو وارم اپ میچز کھیلیں گی۔
آٹھ کوالیفائنگ ٹیموں کے درمیان وارم اپ میچز 14 اکتوبر کو اختتام پذیر ہوں گے۔
ایونٹ کا باقاعدہ آغاز 17 اکتوبر کو کوالیفائنگ ٹیم، عمان اور پاپوا نیو گنی کے میچ سے ہو گا جب کہ پہلے سے کوالیفائی کرنے والی ٹیموں کے درمیان 23 اکتوبر سے مقابلوں کا آغاز ہو گا اور پہلا مقابلہ آسٹریلیا اور جنوبی افریقہ کے درمیان ہو گا۔
پاکستان کرکٹ ٹیم ایونٹ کا پہلا میچ روایتی حریف بھارت کے خلاف 24 اکتوبر کو کھیلے گی۔ یہ میچ دبئی میں شیڈول ہے جو مقامی وقت کے مطابق رات ساڑھے سات بجے شروع ہو گا۔