سمندری طوفان میتھیو کی ہواؤں کے طاقت ور جھکڑ اور شدید بارشیں اب جنوب مشرقی امریکی ریاست فلوریڈا کا اپنا نشانہ بنا رہی ہیں جب کہ طوفان سے متاثرہ ہیٹی میں ہلاکتوں کی تعداد میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔
موسمیات کے قومی ادارے کا کہنا ہے کہ میتھیو ، جس کی قوت گھٹنے کے بعد طوفان کی شدت ماپنے کی پیمانے میں اب تین پر پہنچ گئی ہے، وسطی فلوریڈا کے ساحلی علاقوں سے ٹکرا رہا ہے۔ اور اس کا رخ شمال سے شمال مغرب کی جانب اور ہواؤں کی شدت 195 کلومیٹر فی گھنٹہ تک ہے۔
ہیٹی میں شدید تباہی مچانے کے بعد اب امریکی ریاست فلوریڈا کے مشرقی ساحلی علاقے میں پہنچ گیا ہے جہاں حکام نے پہلے ہی لگ بھگ 20 لاکھ لوگوں کو محفوظ مقامات پر منتقل ہونے اور احتیاطی تدابیر کرنے کی ہدایت جاری کر دی تھا۔
جمعہ کی صبح ساحلی علاقے میں بسنے والے 20 لاکھ 40 ہزار افراد کے لیے بجلی کی فراہمی معطل ہو چکی تھی اور حکام کے بقول ایسے لوگ جو اپنے گھروں کو چھوڑ کر محفوظ مقام پر منتقل نہیں ہوئے وہ "بے وقوف" ہیں اور اس سے زیادہ حکام لوگوں کے انخلا پر زور نہیں دے سکتے۔
جمعہ کو امریکی ہریکین سنٹر نے بتایا کہ یہ طوفان "کیٹیگری چار" کے خطرناک درجے سے کم ہو کر "کیٹیگری تین" میں داخل ہو رہا ہے۔
ادھر لاطینی امریکہ کے ملک ہیٹی میں طوفان سے متاثر ہونے والے علاقوں میں جمعہ کو بھی امدادی سرگرمیاں جاری ہیں اور حکام کے مطابق اب تک مرنے والوں کی تعداد 283 تک پہنچ چکی ہے۔
لیکن ان کے بقول جیسے جیسے مختلف علاقوں سے نقصانات کی خبریں آئیں گی، خدشہ ہے کہ ہلاکتوں کی تعداد میں اضافہ ہو جائے۔
مقامی ذرائع ابلاغ نے امدادی کارکنوں کے حوالے سے ہلاکتوں کی تعداد 339 بتائی ہے لیکن سرکاری طور پر اس کی تصدیق نہیں کی گئی ہے۔ ہیٹی میں زیادہ تر ہلاکتیں جنوب مغربی خطے میں ہوئیں۔
وزارت داخلہ کے ایک معان پیلوس اینور کا کہنا ہے کہ "ہر طرف تباہی ہوئی ہے۔ ہر گھر کی چھت تباہ ہوئی، تمام اشجار برباد ہوگئے ۔۔۔یہ پہلا موقع ہے کہ ہم نے ایسا کچھ دیکھا ہے۔"
میتھیو 235 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چلنے والی ہواؤں کے ساتھ ہیٹی سے ٹکرایا تھا جو ہر طرف تباہی کا باعث بنا۔
مرنے والوں میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔ حکام کے مطابق متاثرہ علاقوں میں خوراک اور پانی کی اشد ضرورت ہے اور ہر ممکن طریقے متاثرین کی مدد کی جا رہی ہے۔
ہیٹی میں اس سے قبل "کیٹیگری چار" شدت کا طوفان "فلورا" 1963ء میں آیا تھا جس سے لگ بھگ آٹھ ہزار افراد ہلاک ہوگئے تھے۔