طاقتور سمندری طوفان "میتھیو" امریکی ریاستوں فلوریڈا، جارجیا اور کیرولائنا کی طرف بڑھ رہا ہے جس کے پیش نظر ساحلی علاقوں سے تقریباً 20 لاکھ افراد سے کہا گیا ہے کہ وہ اپنے گھروں کو چھوڑ کر محفوظ مقام پر منتقل ہو جائیں۔
اس طوفان کے بارے میں بتایا جاتا ہے کہ یہ امریکہ میں ایک دہائی سے زائد عرصے میں آنے والا سب سے شدید طوفان ہے۔
جمعرات کی صبح تک وسطی باہاماس میں یہ طوفان 185 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چلنے والی ہواؤں کا باعث بنا اور ماہرین نے پیش گوئی کی ہے کہ فلوریڈا تک پہنچتے ہوئے اس کی شدت میں مزید اضافہ ہو سکتا ہے۔
کیربیئن خطے میں یہ طوفان اب تک 16 افراد کی ہلاکت اور شدید نقصان پر باعث بن چکا ہے۔
ماہرین کی طرف سے یہ پیش گوئی سامنے آئی ہے کہ فلوریڈا تک پہنچے کے بعد یہ ساحلوں علاقوں میں تباہی کا موجب ہوگا اور اُس وقت تک یہ خطرے کے چار درجے میں داخل ہو چکا ہو گا۔
اس سے قبل امریکہ سے تیسرے یا اس سے زائد درجے کا ٹکرانے والا طوفان "ولما" تھا جو اکتوبر 2005 میں آیا تھا۔ اس دوران 190 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چلیں اور فلوریڈا کے جنوب مغرب میں پانچ لوگوں کو اپنی جانوں سے ہاتھ دھونا پڑا تھا۔
ولما طوفان سے 21 ارب ڈالر کا نقصان ہوا تھا اور ہزاروں لوگ ایک ہفتے سے زائد عرصے تک بجلی سے محروم ہو گئے تھے۔
امریکہ کے نیشنل ہوریکین سنٹر کے مطابق جمعرات کو میتھیو مغربی پام بیچ کے جنوب مشرق تھا اور دس کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے آگے بڑھ رہا تھا۔