بھارت نے سیمی فائنل میں پہنچنے کے لیے نیوزی لینڈ سے امیدیں باندھ لیں

ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے اگلے مرحلے کے لیے لائن اپ واضح ہوتا جا رہا ہے۔ گروپ ون سے انگلینڈ، آسٹریلیا اور جنوبی افریقہ کی ٹیموں کے درمیان مقابلہ ہے جب کہ گروپ ٹو میں شامل پاکستان سیمی فائنل میں جگہ بنا چکی ہے اور دوسری ٹیم کا فیصلہ ہونا باقی ہے۔

گروپ ٹو میں شامل بھارت، نیوزی لینڈ اور افغانستان کے درمیان سیمی فائنل میں رسائی کے لیے کڑے مقابلے ہوںا ہیں۔

بھارت کی ٹیم کو مزید دو میچز کھیلنا ہیں جب کہ نیوزی لینڈ کے پاس بھی دو میچز ہیں اور سیمی فائنل کی دوڑ میں شامل افغانستان اپنا آخری میچ کیویز کے خلاف کھیلے گا۔

جمعے کو دو میچز شیڈول ہیں۔ پہلے میچ میں نیوزی لینڈ اور نمیبیا کی ٹیمیں مدِ مقابل ہوں گی جب کہ دوسرا میچ بھارت اور اسکاٹ لینڈ کے درمیان کھیلا جائے گا۔

اگر نیوزی لینڈ اپنے بقیہ دونوں میچز میں کامیاب ہو جاتی ہے تو وہ سیمی فائنل میں اپنی سیٹ پکی کر لے گی اور کسی ایک میچ میں شکست اسے نیٹ رن ریٹ پر لاکھڑا کرے گی۔

SEE ALSO: ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ: بھارت کی افغانستان کے خلاف کامیابی کو 'فکس' کیوں قرار دیا جا رہا ہے؟

پوائنٹس ٹیبل پر نیوزی لینڈ اس وقت چار پوائنٹس کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہے جب کہ افغانستان کے بھی چار پوائنٹس ہیں لیکن بہتر رن ریٹ کی وجہ سے وہ دوسرے نمبر پر براجمان ہے۔

پوائںٹس ٹیبل پر چوتھے نمبر پر موجود بھارت کے سیمی فائنل میں پہنچنے کا انحصار بقیہ دونوں میچز میں کامیابی کے ساتھ ساتھ نیوزی لینڈ کی شکست پر بھی ہو گا۔ اگر بھارتی ٹیم اپنے میچز میں کامیاب ہو جاتی ہے تو اس کے پوائنٹس کی تعداد چھ ہو جائے گی اور اسے افغانستان اور نیوزی لینڈ کے پوائنٹس پر مقابلہ کرنا ہو گا۔

گروپ بی میں شامل نمیبیا اور اسکاٹ لینڈ کی ٹیمیں بالترتیب پانچویں اور چھٹے نمبر پر ہیں اور دونوں ٹیموں کے اگلے راؤنڈ تک پہنچنے کے امکانات ختم ہو گئے ہیں۔