ہانگ کانگ میں مذاکرات جمعہ کو ہوں گے

منگل کی شامل طالب علموں کے ایک وفد سے ملاقات کے بعد آئینی امور کے نائب سیکرٹری نے کہا کہ یہ مذاکرات ہانگ کانگ کے چیف سیکرٹری کیری لیم کے ساتھ جمعہ کو شروع ہوں گے۔

ہانگ کانگ میں طالب علموں اور حکومت کے عہدیداروں نے کہا کہ ایک معاہدے کے تحت وہ جمعہ سے باقاعدہ مذاکرات کریں گے۔

منگل کی شام طالب علموں کے ایک وفد سے ملاقات کے بعد آئینی امور کے نائب سیکرٹری نے کہا کہ یہ مذاکرات ہانگ کانگ کے چیف سیکرٹری کیری لیم کے ساتھ جمعہ کو شروع ہوں گے۔

اُنھوں نے کہا کہ مذاکرات کا محور آئینی امور ہوں گے۔

اُدھر ہانگ کانگ میں بیشتر اسکول اور کاروباری مراکز کھل گئے۔

اس سے قبل پیر کو طالب علموں اور حکومت کے عہدیداروں کے درمیان باضابطہ مذاکرات کے طریقہ کار پر اتفاق ہوا تھا۔

ہانگ کانگ کے چیف ایگزیکٹو لیونگ چن ینگ نے پیر کو کہا تھا کہ حکومت آئینی اصلاحات سے متعلق مذاکرات کے لیے مخلص ہے۔

مظاہروں سے ہانگ کانگ میں ایک ہفتے سے زائد عرصے تک معمولات زندگی بری طرح متاثر ہوئے۔

مظاہرین بیجنگ کے حامی چیف ایگزیکٹو لیونگ چن ینگ سے مستعفی ہونے کا مطالبہ کرتے رہے ہیں۔

واضح رہے کہ مظاہروں میں شامل لوگ چین کی طرف سے ہانگ کانگ میں2017ء کے انتخابات کے امیدواروں کی چھان بین کے فیصلے کے خلاف سراپا احتجاج رہے۔

1997ء میں بیجنگ کی طرف سے اس خطے کا انتظام سنبھالے جانے کے بعد سے ہانگ کانگ میں یہ شدید ترین بدامنی تھی۔